ملک بھر میں سیاحت کے شوقئن افراد کیلئے وارننگ
ملک بھر میں سیاحت کے شوقئن افراد کیلئے وارننگ آگئی، محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں مون سون کے دوران شدید بارشوں کی پیش گوئی کر دی
محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں مون سون کے دوران شدید بارشوں کی پیش گوئی کی/ فائل فوٹو
(سنو نیوز) ملک بھر میں سیاحت کے شوقئن افراد کیلئے وارننگ آگئی، محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں مون سون کے دوران شدید بارشوں کی پیش گوئی کر دی۔

محکمہ موسمیات نے شدید بارشوں کے پیش نظر عوام کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کر دی۔ ممکنہ موسمی صورتحال کے پیش نظر ٹریفک حادثات، لینڈ سلائیڈنگ، درختوں کا گرنا اور ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔ سیاح بارشوں کے دوران غیر ضروری سفر اور سیاحتی مقامات پر جانے سے گریز کریں۔

بارشوں کے دوران دریاؤں اورندی نالوں کے قریب نہ جائیں۔ موسلادھار بارش نقل و حمل کے نیٹ ورکس میں خلل کا باعث بن سکتی ہے۔ سیاح ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور موسمی حالات سے باخبر رہیں۔ کسی بھی ممکنہ صورتحال پر انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔ ملک بھر میں عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے تمام ریسکیو اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بابوسر ٹاپ: کلاؤڈ برسٹ، 3 سیاح جاں بحق، 15 سے زائد لاپتہ

دوسری جانب حکومت نے حالیہ شدید سیلابی صورتحال کے پیش نظر بابوسر روڈ پر ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ سیلاب کے باعث بابوسر روڈ شدید متاثر ہوا ہے، متعدد گاڑیاں سیلاب میں بہہ گئیں جبکہ کئی سیاح لاپتہ ہیں۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق سیلاب کے بعد مختلف مقامات پر فیملیز پھنس گئی ہیں جنہیں نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ اس ہنگامی صورتحال کے پیش نظر ایمرجنسی کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے جبکہ تمام ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹس کو متحرک رہنے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ محکمہ صحت، محکمہ پولیس، ریسکیو 1122، این ڈی ایم اے، سی اینڈ ڈبلیو اور دیگر متعلقہ ادارے ایمرجنسی کے دوران ریسپانس کے لیے فیلڈ میں موجود ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی ہے کہ تمام مشینری بابوسر روڈ کی طرف روانہ کی جائے اور دیامر بھاشا ڈیم پر کام کرنے والی نجی کمپنیوں سے بھی ایکسویٹرز بھیجنے کی اپیل کی گئی ہے۔

ڈپٹی کمشنر عطاء الرحمٰن کاکڑ کا مزید کہنا ہے کہ زیرو پوائنٹ سے بابوسر ٹاپ تک ہر قسم کی نقل و حرکت معطل کر دی گئی ہے۔ مسافروں اور سیاحوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ سفر سے مکمل طور پر گریز کریں اور محفوظ مقامات کی طرف منتقل ہو جائیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ بابوسر روڈ کی مکمل بحالی تک علاقہ غیر محفوظ ہے اور سفر جان لیوا ہو سکتا ہے۔ شہریوں سے تعاون کی اپیل کی گئی ہے تاکہ انسانی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔