
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد سمیت جڑواں شہروں میں پیر کے روز وقفے وقفے سے موسلا دھاربارش کا سلسلہ جاری رہا، جس پر ضلعی انتظامیہ کی طرف سے ہائی الرٹ جاری کر دیا، اسلام آباد میں بارش کا 24 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، سید پور میں 157 ملی میٹر بارش ریکارڈ، پانی کا بہاؤ تیز ہونے سے نالہ بپھر گیا، کنارے پر کھڑی متعدد گاڑیاں بہہ گئیں۔
تیز بارش کے باعث سید پور کے برساتی نالے میں پانی کی سطح اچانک بلند ہوگئی جس کی زد میں متعدد گاڑیاں آ گئیں۔ علاوہ ازیں نالہ لئی میں راولپنڈی کے کٹاریاں پل پر پانی کی سطح 14 فٹ اورگوالمنڈی کے مقام پر 8 فٹ تک بلند ہوگئی ،بالائی خانپور میں موسلادھارباش کے بعدندی نالوں میں طغیانی کے باعث خانپور کو بالائی خانپورکے دیہات سے ملانے والاپل زیرآب آنے سے بند ٹوٹ گیا جس سے درجنوں دیہات کاخانپور سے زمینی رابطہ منقطع ہونے سے دونوں جانب لوگ پھنس گئے۔
یہ بھی پڑھیں: سیاحوں کی 8 گاڑیاں سیلابی ریلے میں بہہ گئیں
ادھر گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں موسلا دھار بارشوں کے باعث سیلابی ریلوں میں سیاحوں کی 8 گاڑیاں بہہ گئیں، 3 لاشیں نکال لی گئیں جب کہ 15 سے زائد سیاح لاپتہ ہیں۔ 4 سیاحوں کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی صورتحال کے باعث چلاس جلکھڈ روڈ اور شاہراہ قراقرم مختلف مقامات پر بند ہوگئی ،مواصلاتی نظام درہم برہم ہوگیا ہے اور سیلاب کے باعث ہزاروں سیاح پھنس کر رہ گئے ہیں۔
ترجمان گلگت بلتستان حکومت فیض اللہ فراق کے مطابق شاہراہ تھک بابوسر کے علاقے میں اب تک 3 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ 4 سیاحوں کو زخمی حالت میں ریسکیو کر کے ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔ بہہ کر جاں بحق ہونے والی دو خواتین مشعل فاطمہ اور فہد اسلام کا تعلق پنجاب سے ہے، ساہیوال کے سیاحوں سے بھری گاڑی کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا، ان کا کہنا تھا کہ سیلاب سے شاہراہ بابوسر 8 کلومیٹر تباہ ہو گیا، جبکہ شاہراہ قراقرم 20 مقامات پر بند ہو گئی۔
این ڈی ایم اے کے مطابق کلاؤڈ برسٹ کی وجہ سے بابوسر ٹاپ کے گرد 7 سے 8 کلومیٹر کے علاقے میں شدید لینڈ سلائیڈنگ اور فلیش فلڈنگ کی صورتحال ہے، 14 سے 15 مقامات پر راستے مسدود ہوگئے ہیں۔
ادھر سوات کے سیاحتی مقام مالم جبہ کے گناجیر سرڈھیرے میں طوفانی بارش کے باعث نالے میں 2 بچے ، افوان اور محسین اللہ بہہ گئے۔ مقامی لوگوں اور ریسکیو اہلکاروں نے افوان کی لاش برآمد کر لی جبکہ محسین اللہ کی تلاش جاری ہے۔ سوات کے ہی علاقے گوجر بانڈہ میں شدید بارشوں کے باعث مکان کی چھت گر گئی، جس کے نتیجے میں 3 بچے جاں بحق اور ماں زخمی ہو گئی۔