گلگت : سیاحوں کی 8 گاڑیاں سیلابی ریلے میں بہہ گئیں
 گلگت بلتستان میں سیلاب نے تباہی مچا دی، شاہراہ تھک بابو سر کے مقام پر سیاحوں کی 8 گاڑیاں سیلابی ریلے میں بہہ گئیں۔
فائل فوٹو
گلگت: (سنو نیوز) گلگت بلتستان میں سیلاب نے تباہی مچا دی، شاہراہ تھک بابو سر کے مقام پر سیاحوں کی 8 گاڑیاں سیلابی ریلے میں بہہ گئیں۔

ریسکیو حکام کے مطابق اب تک 3 لاشیں نکالی جا چکی ہیں ، 4 سیاحوں کو زخمی حالت میں ریسکیو کیا گیا ہے جبکہ 15 سے زائد سیاح تاحال لاپتا ہیں جن کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن تیز کردیا گیا ہے۔

گلگت بلتستان حکومت کے ترجمان فیض اللہ فراق نے بتایا ہے کہ ریسکیو کیے گئے 4 افراد کو ہسپتال منتقل کیا جا چکا ہے، زخمیوں کی طبی امداد جاری ہے ،ایک زخمی کی حالت تشویشناک ہے جبکہ 3 سیاحوں لاش نکالی گئی ہیں۔

ترجمان کے مطابق سیاحوں کی 8 سے زائد گاڑیاں سیلابی ریلے کی زد میں آئی ہیں ،15 سے زائد سیاح لاپتا ہیں ،کمیونیکیشن کا نظام درہم برہم ہو چکا ہے،ہزاروں سیاح پھنس کر رہ گئے ہیں ، سیاحوں کا گھروں سے رابطہ بھی منقطع ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں بارشوں کے دوران 119 افراد جاں بحق

حکومتی ترجمان نے بتایا کہ شاہراہ بابوسر پر پھنسے سیکڑوں سیاحوں کو حکومت نے ریسکیو کیا ہے، سینکڑوں سیاحوں کو مقامی آبادی نے پناہ دی ہے ، وزیر اعلی گلگت بلتستان نے سیلابی ریلے میں پھنسے افراد کو ریسکیو کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سیلابی صورتحال کے باعث شاہراہ بابوسر کئی مقامات پر بند کردی گئی ہے جبکہ رابطہ سڑکیں اور کھیت کھلیان تباہ ہو چکے ہیں، گلگت بلتستان کا علاقہ گانچھے میں بھی سیلابی ریلوں نے بہت نقصان کیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ بابوسر روڈ کی بحالی کے لئے ہیوی مشینری نے چلاس سائیڈ سے سلائیڈنگ ہٹانا شروع کردی ہے، سیلاب کی وجہ سے دو مسافر گاڑیاں بھی زد میں آئی ہیں۔