اسلحہ برآمدگی کیس: علی امین گنڈا پور کے وارنٹ گرفتاری جاری
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے شراب و اسلحہ برآمدگی کیس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے شراب و اسلحہ برآمدگی کیس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔

جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے خلاف شراب اور اسلحہ برآمدگی کیس کی سماعت کا دو صفحات پر مشتمل تحریری آرڈر جاری کردیا۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے خلاف شراب و اسلحہ برآمدگی کیس کی سماعت میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔

عدالت نے علی امین گنڈا پور کو 342 کا بیان ریکارڈ کرانے کا آخری موقع دے دیا، عدالت نے کل 342 کا بیان ریکارڈ نا کرانے پر فیصلہ سنانے کا عندیہ دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف کیس کی سماعت

عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ بادی النظر میں علی امین ضمانت کا غلط استعمال کر رہے ہیں ، کیوں نا علی امین کی ضمانت کا آرڈر واپس لے لیا جائے ، علی امین کو شوکاز نوٹس جاری کیا جاتا ہے، آئندہ سماعت پر 342 کا بیان ریکارڈ نا کرانے پر عدالت فیصلہ بھی سنا سکتی ہے۔

حکمنامہ میں کہا گیا کہ علی امین گنڈا پور جان بوجھ کر عدالت کے سامنے پیش نہیں ہو رہے ، پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ اس عدالت کو علی امین کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے سے نہیں روکتا ، علی امین گنڈا پور کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کئے جاتے ہیں۔

عدالت نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی شورٹی کو بھی نوٹس جاری کردیا اور ایس ایچ او کو عمل درآمد کا حکم دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت کل منگل تک ملتوی کردی۔