پنجاب اسمبلی: سینیٹ کی خالی نشست پر پولنگ، ن لیگ نے میدان مارلیا
 پنجاب اسمبلی میں سینیٹ کی نشست پر پاکستان مسلم لیگ نے میدان مارلیا۔
فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) پنجاب اسمبلی میں سینیٹ کی نشست پر پاکستان مسلم لیگ نے میدان مارلیا۔

لیگی سینیٹر پروفیسر ساجد میر مرحوم کی سینیٹ کی خالی نشست پر ووٹنگ صبح نو بجے شروع ہوئی جو بغیر کسی وقفے کے چار بجے تک جاری رہی، اسمبلی ممبران نے خفیہ رائے شماری سے ووٹ کاسٹ کیے۔

پنجاب اسمبلی کی سینیٹ کی نشست پر مسلم لیگ ن کے حمایت یافتہ حافظ عبدالکریم اور اپوزیشن کے مہر عبدالستار کے درمیان مقابلہ ہوا، پریذائیڈنگ آفیسر نے نتائج کا اعلان کردیا۔

غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق حکومتی امیدوار حافظ عبدالکریم 243 ووٹ لیکر جیت گئے جبکہ اپوزیشن کے امیدوار مہر عبدالستار 99 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔

چیف وہپ پنجاب اسمبلی رانا محمد ارشد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پروفیسر ساجد میر کے جانشین حافظ عبد الکریم کو صوبہ پنجاب سے 245 ووٹ کاسٹ ہوئے، مسلم لیگ ن کے دو ووٹ اور اپوزیشن کا ایک ووٹ مستردہوا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف کو توہین عدالت کا نوٹس

رانا محمد ارشد نے مزید بتایا کہ لیگی امیدوار حافظ عبدالکریم 243 ووٹ لے کر دو تہائی اکثریت سے سینیٹ ممبر منتخب ہو چکے ہیں۔

نومنتخب سینیٹر حافظ عبدالکریم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں جس نے مجھے یہ کامیابی دی، میاں نوازشریف کا شکر گزار ہوں جنہوں نے ہمیشہ جمعیت اہلحدیث سے وفا کی، نوازشریف نے ہمیشہ ہمارا خیال رکھا جس پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے عزت دی، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا بھی تہہ دل سے شکر گزار ہوں جنہوں نے اتحادیوں سے مل کر مجھے جتوایا، ق لیگ، پیپلزپارٹی، آئی پی پی کا شکریہ ادا کرتا ہوں، سپیکر ملک محمد احمد خان اور رانا ارشد کا بھی شکریہ ادا کرتاہوں جنہوں نے محنت کی۔