سر سبز پنجاب کی جانب عملی قدم، پلانٹ فار پاکستان مہم کا آغاز
Plant for Pakistan
فائیل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک ) وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر پی ایچ اے کا انقلابی فیصلہ ، شہریوں کو مفت پودوں کی فراہمی اب اپنے گھروں میں میسر۔

تفصیلات کے مطابق ماحولیاتی تحفظ وشجرکاری کے فروغ کے لیے پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) نے پلانٹ فار پاکستان مہم کا افتتاح کر دیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایت پر یہ انقلابی اقدام اٹھایا گیا ہے جس کے تحت شہری فقط  ایک کال پر مفت پودا گھر منگوا سکتے ہیں۔ مہم کا مقصد لاہور کو سرسبز بنانے کے ساتھ ساتھ ماحول دوست طرزِزندگی کو فروغ دینا بھی  ہے۔

واضح رہے کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار شجرکاری کی حوصلہ افزائی کے لیے پی ایچ اے نے ہیلپ لائن 1399 متعارف کروائی ہے۔ شہری صرف اس نمبر پر کال کر کے اپنی شناخت اور پتہ درج کروائیں گے اور پی ایچ اے کا مالی مقررہ پودا ان کے گھر پہنچائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب کے 22 شہروں میں مفت وائی فائی نیٹ ورک فعال

ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے منصور احمد کے مطابق لاہور کو سرسبز بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ ہر گھر تک پودے پہنچانا ایک عوام دوست اقدام ہے جو نہ صرف ماحولیاتی بہتری کا باعث بنے گا بلکہ شہریوں کو شجرکاری کے لیے ترغیب بھی  دے گا۔

ڈی جی پی ایچ اے کا کہنا ہے کہ شہریوں کو 17 اقسام کے پودے فراہم کیے جا رہے ہیں جن میں پھل دار، خوشبودار اور سایہ دار پودے شامل ہیں۔ ان میں انار، آم، جامن، پٹاجن، پلکن، رات کی رانی، شہتوت، نیم، واشنگٹنیا پام، چاندنا، ویو، کچنار، گل چین، املتاس، تیپیوبیا، جروفا اور ہار سنگھار شامل ہیں۔