پی ڈی ایم اے کی مون سون کے چوتھے سپیل کی پیشگوئی
 پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے ) پنجاب نے مون سون بارشوں کے چوتھے سپیل کا الرٹ جاری کردیا۔
فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے ) پنجاب نے مون سون بارشوں کے چوتھے سپیل کا الرٹ جاری کردیا۔

پی ڈی ایم اے ترجمان کے مطابق 20 سے 25 جولائی کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں تیز آندھی، گرد آلود ہواؤں اور بارش کی پیشگوئی ہے،راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، منڈی بہاؤالدین،حافظ آباد، گجرات، جہلم اور گوجرانوالہ میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ لاہور، فیصل آباد، سیالکوٹ، نارووال، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، سرگودھا اور میانوالی میں بارشوں کے امکانات ہیں جبکہ 18 سے 23 جولائی کے دوران جنوبی پنجاب کے اضلاع ملتان، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور اور بہاولنگر میں بھی بادل برسیں گے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت کے مطابق ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے، محکمہ صحت، محکمہ آبپاشی ، تعمیر و مواصلات لوکل گورنمنٹ اور لائیو سٹاک کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مون سون، پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ، نوٹیفکیشن جاری

ان کا کہنا تھا کہ شہریوں سے التماس ہے خراب موسم کی صورتحال میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں، آندھی و طوفان کی صورتحال میں محفوظ مقامات پر رہیں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں ،شہری آسمانی بجلی سے تحفظ کیلئے محفوظ مقامات پر رہیں۔

عرفان علی کاٹھیا نے مزید کہا کہ عوام الناس بجلی کی گرج چمک اور طوفانی صورتحال میں کھلے آسمان تلے ہرگز نہ جائیں،کسی بھی ایمرجنسی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔