24 گھنٹے گھر بیٹھے شناختی کارڈ کی معلومات اپ ڈیٹ کریں
Pak ID App
فائیل فوٹو
لاہور:(ویب ڈیسک) نادرا کی جانب سے پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے ایک نئی سہولت متعارف کرا دی گئی ہے۔

اس سہولت کے تحت شہری بغیر نیا کارڈ پرنٹ کرائےگھر بیٹھے صرف 24 گھنٹوں میں اپنی شناختی معلومات اپ ڈیٹ کر سکتے ہیں ۔

نان پرنٹ اپڈیٹ سروس کے تحت شہری اپنی ذاتی معلومات میں تبدیلی کروا سکتے ہیں جو براہِ راست نادرا کے مرکزی ڈیٹا بیس میں محفوظ ہو گی۔ اس سہولت کے ذریعے صارفین ازدواجی حیثیت (صرف خواتین کے لیے)، جائے پیدائش، خاندان میں شامل افراد، سربراہ خاندان کی تفصیلات، والدہ کی معلومات، جڑواں ہونے کی تصدیق، مادری زبان اور بلڈ گروپ کی معلومات میں ترمیم کرسکتے ہیں۔

مزیدبرآں تمام معلومات کی جانچ اور مطلوبہ دستاویزات کی منظوری کے بعد یہ اپڈیٹ 24 گھنٹوں کے اندر مکمل کی جائے گی۔ سمارٹ شناختی کارڈ والے افراد کے لیے فیس صرف 100 روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں NICOPہولڈرز کے لیے فیس صرف 5 ڈالر مقرر کی گئی ہے۔ جیسے کہ یہ نان پرنٹ سروس ہے اس لیے کارڈ کو دوبارہ پرنٹ نہیں کیا جائے گا بلکہ صرف ڈیجیٹل ریکارڈ میں تبدیلی کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: نادرا کی شہریوں کو فیملی ریکارڈ کی جانچ کرنے کی اپیل

واضح رہے کہ مخصوص کیسز میں صارفین کو معاون دستاویزات جیسے نکاح نامہ یا پیدائش سرٹیفکیٹ بھی اپلوڈ کرنے کی ضرورت پیش آسکتی ہے۔ صارفین صرف پاک آئی ڈی ایپ کوڈاؤن لوڈ کر کے لاگ ان ہو کر نان پرنٹ کیٹیگری منتخب کریں اور اپنی درخواست جمع کرا سکتے ہیں جسے ایپ کے ذریعے ہی ٹریک کیا جا سکتا ہے۔

یاد رہے کہ یہ سروس نادرا کے اس وژن کا عکاس ہے جس کے تحت پاکستانی شہریوں کو محفوظ، تیز اور سادہ طریقے سے ان کی شناختی معلومات پر مکمل کنٹرول دیا جا رہا ہے چاہے وہ پاکستان میں ہوں یا بیرون ملک مقیم ہوں۔