شیر افضل مروت نے پی ٹی آئی قیادت کو نااہل قرار دے دیا
سابق رہنما تحریک انصاف شیر افضل مروت نے پی ٹی آئی قیادت کو نااہل قرار دے دیا۔
فائل فوٹو
لندن: (سنو نیوز) سابق رہنما تحریک انصاف شیر افضل مروت نے پی ٹی آئی قیادت کو نااہل قرار دے دیا۔

لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ علیمہ خان نے پشتونوں کے بچوں کو تحریک کا کہا اور اپنے بچوں کو برطانیہ بھیج دیا، یہ کہاں کا انصاف ہے کہ اپنے بچے برطانیہ چلے جائیں اور دوسروں کے بچے تحریک چلائیں،بانی پی ٹی آئی کے بچے پاکستان نہیں جائیں گے وہ ایک شوشہ چھوڑا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ علیمہ خان نے پی ٹی آئی کی پوری قیادت کی بے عزتی کروائی، اب وہ خود تحریک کی قیادت کریں،علیمہ خان کے پاس بہترین موقع ہے کہ وہ خود تحریک چلائیں اور لیڈر شپ کی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں۔

شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ علیمہ خان ورکرز اور لیڈرز کو تنگ کر کے پریشر میں لاتی ہیں، اگر علیمہ خان تحریک نہیں چلا سکتیں تو مجھے موقع دیں، میری خواہش ہے کہ علیمہ خان اور ان کے بچے بانی پی ٹی کی رہائی کی تحریک کو لیڈ کریں۔

یہ بھی پڑھیں: سینیٹ ٹکٹوں کی تقسیم پر پی ٹی آئی میں شدید اختلاف

سابق پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ سلمان اکرم راجہ نے عالیہ حمزہ کے خلاف جو زبان استعمال کی اس کی مذمت کرتا ہوں، سلمان اکرم راجہ یہ زبان اسٹیلمشنٹ کے خلاف استعمال کر کے دکھائے،سلمان اکرم راجہ سے کسی بھی میدان میں جسمانی لڑائی کے لیئے تیار ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں سلمان اکرم راجہ بیرسٹر گوہر پر بھی حملہ کر چکے ہیں،سلمان اکرم راجہ اپنے آپ کو کلاس کا مانیٹر سمجھتے ہیں اور باقی طالب علم ہیں، مجھے بانی پی ٹی آئی سے دور کرنے میں علیمہ خان سلیمان اکرم راجہ اور شبلی فراز کا کردار ہے۔

شیر افضل مروت نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی کور کمیٹی اور پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس گالیوں سے شروع ہو کر گالیوں پر ختم ہوتا ہے، پی ٹی آئی کی موجودہ قیادت بانی کی رہائی میں رکاوٹ ہے، عمران خان کی رہائی کی تحریک صرف میں مؤثر طریقے سے چلا سکتا ہوں باقی لیڈر شپ نا اہل ہے۔