سینیٹ ٹکٹوں کی تقسیم پر پی ٹی آئی میں شدید اختلاف
PTI Senate ticket dispute
فائل فوٹو
پشاور:(ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) خیبر پختونخوا میں سینئر رہنماؤں کے درمیان سینیٹ ٹکٹوں کی تقسیم پر اختلافات منظر عام پر آگئے۔

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے (پی ٹی آئی) سینیٹ انتخابات کیلئے اپنے امیدواروں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ جنرل نشستوں کیلئے پارٹی قیادت نے مراد سعید، فیصل جاوید، مرزا خان آفریدی اور مولانا نور الحق قادری کو نامزد کیا ہے۔

ٹیکنوکریٹ نشست کیلئے سابق وفاقی وزیر اعظم خان سواتی دوبارہ میدان میں اتریں گے، جبکہ خواتین کی نشست کیلئے روبینہ ناز کو ٹکٹ کیلئے نامزد کیا گیا ہے۔

پارٹی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ دیرینہ اور وفادار کارکنوں کو نظرانداز کرتے ہوئے بااثر اور امیر شخصیات کو ٹکٹ فراہم کیے گئے ہیں، جو عمران خان کے اس بار بار کے دعوے کے برعکس ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) ہمیشہ اپنے دیرینہ کارکنوں کو ترجیح دے گی۔

دوسری جانب سوشل میڈیا پر قیادت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے صارفین کا کہنا ہے کہ وفادار اور دیرینہ کارکنوں میں سے کئی افراد کو نظر انداز کیا گیا ہے، جن میں عرفان سلیم، عائشہ بانو اور خرم ذیشان شامل ہیں۔ اس فیصلے کیخلاف پارٹی میں شدید احتجاج شروع ہوگیا۔

یہ بھی پڑھیں:توشہ خانہ ٹو کیس: اڈیالہ جیل میں ہونے والی سماعت منسوخ

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں اور کارکنوں نے پشاور پریس کلب کے باہر دھرنا دیا اور مرکزی شاہراہ کو بھی ٹریفک کیلئے بند کر دیا۔ مظاہرین نے اعلان کیا کہ سرمایہ داروں کو ترجیح دینے اور حقیقی کارکنوں کو نظرانداز کرنے کا فیصلہ کسی بھی صورت میں قبول نہیں کیا جائے گا۔