جہلم میں سیلابی صورتحال، فواد چودھری کی پنجاب حکومت پر تنقید
جہلم میں سیلابی صورتحال پر سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے پنجاب حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔
فوٹو سکرین گریب
جہلم: (سنو نیوز) جہلم میں سیلابی صورتحال پر سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے پنجاب حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔

 

اپنے ایک ویڈیو بیان میں سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کا کہنا تھا کہ ضلع بھر میں شہریوں کو دو طرح کی طغیانیوں کا سامنا ہے ، ندی نالوں میں طغیانی ہے دوسرا جو لوگ کناروں پر آباد ہیں وہاں آبادیوں میں پانی داخل ہو چکا ہے ، ضلع بھر کے لاکھوں افراد کو سیلابی صورتحال کا سامنا ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ کئی دیہاتوں کی اضافی آبادیاں اس وقت پانی کی لپیٹ میں ہیں، پاک فوج اور ریسکیو ٹیمیں امدادی کاموں میں مصروف ہیں تاہم مشکل کی اس گھڑی میں عوامی نمائندے کہیں نظر نہیں آ رہے، بد قسمتی سے ضلعی انتظامیہ کے پاس فنڈز بھی موجود نہیں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاک فوج کا ریسکیو مشن، سیلاب میں پھنسے خاندان کو بچا لیا

فواد چودھری کا پنجاب حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بد قسمتی سے پنجاب حکومت اللے تللوں پر فنڈز لگا رہی ہے لیکن جب ضرورت ہوتی ہے تو پیسے نہیں ہوتے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ پنجاب حکومت چکوال ، جہلم اور دیگر اضلاع کو فوری فنڈز فراہم کرے ، بری طرح متاثرہ اضلاع کو فنڈز فراہم کرنا اشد ضروری ہے ، ممبران اسمبلی تو اپنے علاقوں میں اجنبی ہیں انتظامیہ کو فنڈز فراہم کیے جائیں، تمام متاثرہ علاقوں میں فوری ایمرجنسی نافذ کی جائے۔