پاک فوج کا ریسکیو مشن، سیلاب میں پھنسے خاندان کو بچا لیا
Pakistan Army rescue
فائیل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) حالیہ موسلا دھار بارشوں کے باعث ملک کے مختلف علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو نے کے باعث پاک فوج عوام کی مدد کے لیے میدان میں آ گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق چکری روڈ، گاؤں لڈیان میں شدید بارشوں کے بعد ایک خاندان نے سیلابی ریلے سے بچنے کے لیے اپنےگھر کی چھت پر پناہ لی ہوئی تھی۔ خطرناک صورتحال، خراب موسم اور مشکل حالات کے باوجود پاک فوج نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ہیلی کاپٹر کے ذریعے ریسکیو مشن شروع کیا اور چھت پر پھنسے تینوں افراد کو بحفاظت نکال لیا۔

یہ بھی پڑھیں: راولپنڈی: ایم پی اے چوہدری نعیم اعجاز کا سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ، ریسکیو آپریشن کی نگرانی

مزید برآ پاک فوج کے پائلٹس نے غیر معمولی مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ریسکیو مشن کو کامیابی سے مکمل کیا ۔ فوجی حکام کے مطابق متاثرہ خاندان کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی اور محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ عوامی حلقوں کی جانب سے پاک فوج کے اس بروقت اور جان بچانے والے اقدام کو زبردست خراج تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ حالیہ بارشوں نے صوبے بھر میں معمولات زندگی کو متاثر کیا ہے اور ریسکیو ادارے اور افواج پاکستان ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں کہ متاثرین کو فوری امداد فراہم کی جا سکے۔