راولپنڈی: ایم پی اے چوہدری نعیم اعجاز کا سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ، ریسکیو آپریشن کی نگرانی
Chaudhry Naeem Ejaz
فائیل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) راولپنڈی میں ممبر صوبائی اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری پنجاب چوہدری نعیم اعجاز نے متاثرہ علاقوں کا ہنگامی دورہ کیا اور ریسکیو آپریشن کی نگرانی کی۔

ذرائع کے مطابق چہان ڈیم کا بند ٹوٹنے سے پانی قریبی آبادیوں میں داخل ہوگیا تھا جس کے باعث لادیاں سمیت مختلف علاقوں میں کئی افراد پھنس گئے۔ متاثرہ افراد نے اپنی جانیں بچانے کے لیے گھروں کی چھتوں پر پناہ لے رکھی تھی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایت پر ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ، پاک فوج اور بلیو ورلڈ سٹی کی ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر مشترکہ ریسکیو آپریشن کا آغاز کر دیا ہے۔

مزید برآں چوہدری نعیم اعجاز نے پاک آرمی ایوی ایشن کے ہمراہ فضائی نگرانی بھی کی اور زمینی ٹیموں کو رہنمائی فراہم کی۔

یہ بھی پڑھیں: جڑواں شہروں میں سیلاب کا خدشہ، ہائی الرٹ ، تعطیل کا اعلان

 واضح رہے کہ ریسکیو آپریشن کے دوران تمام پھنسے ہوئے افراد کو بحفاظت کشتیوں کے ذریعے نکال لیا گیا ہے۔ چوہدری نعیم اعجاز نے اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور سینئر وزیر مریم اورنگزیب سے مسلسل رابطے میں رہتے ہوئے تمام صورتحال سے آگاہ رکھا۔

یاد رہے کہ عوامی سطح پر چوہدری نعیم اعجاز کے اس فوری اور متحرک کردار کو سراہا جا رہا ہے جبکہ متاثرہ افراد نے بروقت امداد فراہم کرنے پر حکومت پنجاب اور ریسکیو اداروں کا شکریہ ادا کیا ہے۔