
تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات اسلام آباد اور راولپنڈی میں 199 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ جڑواں شہروں میں سیلاب کے بڑھتے ہوئے خطرے کے پیش نظر مقامی انتظامیہ نے پاکستان آرمی سے فوری مدد طلب کر لی ہے۔
راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ نے خراب موسم کے باعث 17 جولائی کو ایک روزہ تعطیل کا اعلان بھی کر دیا ہے اور شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
واٹر اینڈ سینیٹیشن ایجنسی (WASA) کے منیجنگ ڈائریکٹر نے ہنگامی صورتحال کے تحت پاکستان آرمی کی 111 بریگیڈ سے رابطہ کیا ہے۔
مزیدبرآں پاکستان محکمہ موسمیات (PMD) کی جانب سے مزید بارش کی پیشگوئی کے بعد نالہ لئی کے علاقوں میں خطرے کی گھنٹی بجا دی گئی ہے جہاں پانی کی سطح 16 فٹ تک پہنچ چکی ہے۔ واسا نے بارش ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے راولپنڈی کے نشیبی علاقوں میں نکاسی آب کے لیے مشینری اور ٹیمیں تعینات کر دی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب: بارشوں سے تباہی، 49 افراد جاں بحق، متعدد زخمی
واسا کے منیجنگ ڈائریکٹر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نالہ لئی اور شہر کے دیگر نالوں کی چوبیس گھنٹے نگرانی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پانی کی سطح کٹاریاں میں 16 فٹ اور گووالمنڈی پل پر 14 فٹ تک بلند ہو چکی ہے۔
واضح رہے کہ ریسکیو 1122 کو ریڈ الرٹ پر رکھا گیا ہے۔ متاثرہ علاقوں کے رہائشیوں کو ضلعی افسر کی جانب سے محفوظ مقامات پر منتقل ہونے اور کسی بھی کمزور عمارت کو خالی کرنے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ ممکنہ سیلاب کے خطرے سے بچا جا سکے۔
یاد رہے کہ اب تک مختلف علاقوں میں ریکارڈ کی گئی بارشوں کی مقدار میں سیدپور میں 53 ملی میٹر، گولڑہ میں 77 ملی میٹر، بکرہ میں 95 ملی میٹر، شمس آباد میں 67 ملی میٹر، کچہری میں 105 ملی میٹر، پیرودھائی اور گووالمنڈی میں 90 ملی میٹر، جبکہ کٹاریاں میں 80 ملی میٹر تک ریکاڈ کی گئی ہے۔