اپنی زمین، اپنا گھر اسکیم کیلئے درخواستیں دینے والوں کیلئے بڑی خبر
Apni Zameen Apna Ghar scheme
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب حکومت کی جانب سے شروع کی گئی اپنی زمین، اپنا گھر اسکیم کیلئے مزید درخواستوں کی وصولی کا عمل باضابطہ طور پر روک دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اپنی زمین، اپنا گھر اسکیم میں کیلئے مزید درخواستوں کی وصولی کا عمل روک دیا گیا، اب موصول شدہ درخواستوں کی سکروٹنی (چھان بین) شروع کردی گئی ہے۔

حکام کے مطابق اب تک اس اسکیم کے تحت 4 لاکھ 81 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوچکی ہیں، جن میں سے 3 لاکھ 67 ہزار درخواستیں ابتدائی اسکریننگ کے معیار پر پوری اتری ہیں۔ سکروٹنی کے بعد صوبے کے 19 اضلاع میں مستحق خاندانوں کو 2 ہزار پلاٹ مفت دیے جائیں گے۔

وزیرِ ہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین کا کہنا ہے کہ شفافیت یقینی بنانے کیلئے تمام اضلاع میں سکروٹنی کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں، جن کی سربراہی متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کریں گے۔ یہ کمیٹیاں ایک ماہ کے اندر اپنی رپورٹ پیش کریں گی تاکہ مستحق افراد کا جلد از جلد انتخاب ممکن بنایا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں:الیکشن کمیشن کا خالی آسامیوں پر بھرتی کا اعلان

وزیر ہاؤسنگ کا مزید کہنا تھا کہ جن خوش نصیب خاندانوں کو پلاٹ الاٹ کیے جائیں گے، وہ پنجاب حکومت کے تعاون سے 15 لاکھ روپے تک بلاسود قرض بھی حاصل کر سکیں گے، تاکہ وہ اپنا گھر تعمیر کر سکیں۔

دوسری جانب پنجاب حکومت کے اس احسن اقدام کو عوامی سطح پر سراہا جا رہا ہے، کیونکہ یہ کم آمدنی والے طبقات کیلئے گھر کی سہولت حاصل کرنے کا ایک سنہری موقع ہے۔