الیکشن کمیشن کا خالی آسامیوں پر بھرتی کا اعلان
ECP jobs
فائیل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے اسسٹنٹ الیکشن کمشنر (بی ایس-17) کی 27 آسامیوں کے لیے درخواستیں طلب کر لی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ان آسامیوں کے لیے بھرتی میرٹ اورعلاقائی کوٹے کی بنیاد پر کی جائے گی اور صرف پاکستانی شہری درخواست دینے کے اہل ہوں گے۔

درخواست دہندگان کے لیے تعلیمی اہلیت میں ایم اے یا ایم ایس سی (دوسری ڈویژن) ، بی اے (آنرز)، بی ایس سی (آنرز)، بی کام (آنرز) دوسری ڈویژن کے ساتھ، یا ایل ایل بی (پانچ سالہ پروگرام  دوسری ڈویژن)، یا ایل ایل بی (تین سالہ پروگرام دوسری ڈویژن) کے ساتھ کم از کم دو سال کا سرکاری تجربہ، یا بی اے / بی ایس سی (دوسری ڈویژن) کے ساتھ دو سال کا تجربہ ہونا ضروری ہے۔

مزیدبرآں درخواست دہندہ کی زیادہ سے زیادہ عمر 30 سال مقرر کی گئی ہے۔ تاہم قانون کے مطابق پانچ سال کی عمر میں رعایت دی جا سکتی ہے جس کے بعد زیادہ سے زیادہ عمر 35 سال تک ہو سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت کا آسان شرائط پر قرضہ دینے کا اعلان

اسامیوں کی کوٹے کے مطابق میرٹ پر 2 نشستیں، پنجاب سے 10 (جن میں 3 خواتین اور 1 اقلیت کے لیے مختص)، سندھ شہری سے 3، سندھ دیہی سے 5 (جن میں 1 اقلیت کے لیے)، خیبر پختونخوا سے 5، سابقہ فاٹا سے 1، اور آزاد جموں و کشمیر سے 1 نشست شامل ہے۔ منتخب امیدواروں کو ملک کے کسی بھی حصے میں تعینات کیا جا سکتا ہے۔

درخواست دینے کے خواہشمند امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 20 دن کے اندر اندر الیکشن کمیشن کی آن لائن ریکروٹمنٹ ویب سائٹ www.ecp.gov.pk یا jobs.ecp.gov.pk پر درخواست جمع کروائیں۔

 یاد رہے کہ امیدواروں کو درخواست فارم کی ہارڈ کاپی، تازہ ترین سی وی، تعلیمی اسناد کی مصدقہ نقول، شناختی کارڈ، ڈومیسائل، تجربے کے سرٹیفکیٹس (اگر قابل اطلاق ہوں)، اور پاسپورٹ سائز تصویر کے ہمراہ پوسٹ آفس باکس نمبر 1418 جی پی او اسلام آباد پر 30 دن کے اندر ارسال کرنا ہوگی۔

واضح رہے کہ سرکاری یا نیم سرکاری اداروں میں کام کرنے والے ملازمین کو مناسب سرکاری طریقہ کار کے ذریعے درخواست دینا ہوگی۔ صرف شارٹ لسٹ کیے گئے امیدواروں کو ٹیسٹ یا انٹرویو کے لیے بلایا جائے گا۔ کسی بھی امیدوار کو ٹی اے / ڈی اے نہیں دیا جائے گا۔ الیکشن کمیشن کو اختیار حاصل ہے کہ وہ کسی بھی وقت بھرتی کے عمل میں تبدیلی کرے یا اسے منسوخ کر دے۔