حکومت کا آسان شرائط پر قرضہ دینے کا اعلان
PM Youth Loan Scheme
فائیل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعظم پاکستان کی جانب سے نوجوانوں کی معاشی خوشحالی اور ملک بھرمیں کاروباری مواقع بڑھانے کے لیے وزیراعظم یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون اسکیم کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اس اسکیم کا مقصد نوجوانوں کو آسان شرائط پر قرض فراہم کر کے نہ صرف نئے کاروبار شروع کروانا ہے بلکہ پہلے سے جاری کاروبار کو وسعت دینے میں بھی مدد فراہم کرنا ہے۔ اسکیم کا دائرہ SME اور زراعت کے شعبے تک پھیلا ہوا ہے جہاں نوجوانوں کو اسلامی، کمرشل اور SME بینکوں کے ذریعے بغیر یا کم شرح سود پر قرض ملے گا۔

اس اسکیم کے تحت قرض تین درجوں میں دیا جائے گا پہلے درجہ میں 5 لاکھ روپے تک، بغیر سود کے 3 سال کی مدت میں جبکہ دوسرے درجہ میں5 لاکھ سے 15 لاکھ روپے 5٪ سود کے ساتھ، 8 سال کی مدت اور تیسرےدرجہ میں15 لاکھ سے 75 لاکھ روپے 7٪ سود کے ساتھ 8 سال کی مدت میں فراہم کیے جائیں گے۔


واضح رہے کہ درخواست دہندہ پاکستانی شہری ہو اور اس کے پاس NADRA کا جاری کردہ درست CNIC ہو۔ عمر 21 سے 45 سال کے درمیان ہو۔ تاہم IT یا ای-کامرس سے متعلقہ کاروبار کے لیے کم از کم عمر 18 سال اور کم از کم میٹرک کی تعلیم درکار ہے۔ انفرادی، کمپنی یا پارٹنرشپ کی صورت میں کم از کم ایک مالک، پارٹنر یا ڈائریکٹر اس عمر کی حد میں آنا لازمی ہے۔ موجودہ کاروبار یا اسٹارٹ اپ کے مالک نوجوان بھی اہل ہیں۔ زراعت کے شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد SBP کی 2020 کی گائیڈ لائنز کے مطابق گروپ کیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: کے پی میں عوام پی ٹی آئی حکومت سے مایوس، مریم نواز کی کارکردگی کے معترف

درخواست دینے کا عمل مکمل طور پر آن لائن ہے سب سے پہلے آفیشل ویب سائٹ پر جا کر Apply Now پر کلک کریں۔ CNIC نمبر، اجراء کی تاریخ اور مطلوبہ ٹائر منتخب کریں۔

پہلے حصے میں ذاتی معلومات جیسے نام، پتہ، CNIC، والد یا سرپرست کا نام، اور موبائل نمبر درج کریں۔
دوسرے حصے میں نئے یا موجودہ کاروبار سے متعلق تفصیلات فراہم کریں، جیسے کاروبار کا نام، کیٹیگری، سیکٹر، تجربہ، اخراجات، اور متعلقہ دستاویزات وغیرہ اپلوڈ کریں۔
تیسرے حصے میں قرض کی رقم، مدت، اور درجہ منتخب کریں۔
چوتھے حصے میں اگر آپ کا کوئی اور بینک یا مالی ادارے سے قرض لیا گیا ہو تو اس کی معلومات دیں بصورت دیگر چھوڑ دیں۔
آخر میں شرائط و ضوابط پر رضامندی کے خانے پر نشان لگائیں اور Submitپر کلک کریں۔ درخواست مکمل ہونے پر ایک رجسٹریشن نمبر جاری کیا جائے گا جو SMS کے ذریعے موصول ہو جائے گا۔

یاد رہے کہ درخواست گزار کا موبائل نمبر CNIC پر رجسٹرڈ ہونا ضروری ہے کیونکہ بینک اسی نمبر پر رابطہ کرے گا۔ درخواست کو محفوظ کر کے بعد میں بھی مکمل کیا جا سکتا ہے۔
زیادہ سے زیادہ تفصیلات فراہم کریں جیسے کاروباری پلان، مالیاتی رپورٹ، پچھلے 6 ماہ کی بینک اسٹیٹمنٹ وغیرہ تاکہ منظوری میں آسانی ہو۔
درخواست کی صورتحال چیک کرنے کے لیے Check Application Status پر کلک کریں اور اپنی معلومات درج کر کے موجودہ اسٹیٹس جان سکتے ہیں۔

اس اسکیم کا مقصد ملک میں نوجوانوں کو خود کفیل بنانا، کاروبار کو فروغ دینا، زراعت کو ترقی دینا اور معیشت کو مستحکم کرنا ہے۔ وزیراعظم کی یہ اسکیم نوجوانوں کے لیے سنہری موقع ہے کہ وہ 75 لاکھ روپے تک قرض لے کر اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدل سکیں۔