
تفصیلات کے مطابق وزیر مذہبی امور نے سعودی عرب کی ٹریول و ہاسپیٹیلٹی کمپنیوں کی جانب سے پاکستانی عازمین حج و عمرہ کے لیے سہولیات میں اضافے اور اخراجات میں کمی کے لیے 40 ملین ڈالر (تقریباً 15 ارب پاکستانی روپے) کے فنڈ کے قیام کو سراہا اور کہا کہ اس فنڈ کے ذریعے پاکستانی عازمین کے حج و عمرہ اخراجات میں 50 ہزار روپے تک کی کمی آئے گی۔
ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے 63 ہزار عازمین حج کی عدم موجودگی سے متعلق تحقیقاتی رپورٹ کو مسترد کر دیا ہے اور اب ایک نئی کمیٹی اس معاملے کی دوبارہ سے تحقیقات کر رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن کا خالی آسامیوں پر بھرتی کا اعلان
مزیدبرآں سردار محمد یوسف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے اسلام آباد میں ایک نماز کیلنڈر جاری کیا جائے گا۔ جبکہ ایران، عراق اور شام جانے والے زائرین کو بھی حج و عمرہ کی طرز پر منظم گروپس کی شکل میں روانہ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ شیعہ علماء کونسل کے ایک وفد نے بھی وفاقی وزیر مذہبی امور سے ملاقات کی ہے جس میں ملک بھر میں امن و امان کے قیام اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔