قلات بس حملہ میں بچ جانیوالے مسافروں نے آنکھوں دیکھا احوال بتا دیا
 قلات میں دہشتگردوں کا نشانہ بننے والی بس میں زندہ بچ جانے والے مسافروں نے آنکھوں دیکھا احوال بتا دیا۔
فوٹو سکرین گریب
کوئٹہ: (سنو نیوز) قلات میں دہشتگردوں کا نشانہ بننے والی بس میں زندہ بچ جانے والے مسافروں نے آنکھوں دیکھا احوال بتا دیا۔

کراچی سے کوئٹہ جانے والی مسافر بس پر فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں نے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 3 مسافر شہید جبکہ متعدد زخمی ہو گئے، حملے کے بعد دہشتگرد فرار ہو گئے۔

تاحال حملہ آوروں کی شناخت یا کسی گروہ کی جانب سے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی،تاہم واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

بس میں موجود بچ جانے والے مسافروں کے مطابق، دہشتگردوں نے بس پر اندھا دھند فائرنگ کی، بس میں معروف قوال ندیم صابر بھی موجود تھے جو کراچی سے کوئٹہ جا رہے تھے۔

قوال ندیم صابری نے بتایا کہ ہم قوالی کے فنکشن کیلئے کوئٹہ جا رہے تھے اور اپنی منزل سے صرف آدھے گھنٹے کی مسافت پر تھے کہ یہ واقعہ رونما ہو گیا،ہم قوال لوگ ہیں ہمارے کیا قصور تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم لوگوں کیلئے دعا کرتے ہیں ہمیں دہشت گردوں نے کس بات کی سزا دی، فائرنگ سے ہمارے تین بھائی شہید ہو گئے ہیں، ہمارے دیگر ساتھی زخمی ہوئے، ہمارا سارا سامان تباہ ہو گیا ہے، ہمارا تو کسی سے جھگڑا نہیں ہم تو اپنے بچوں کی روزی کما رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: قلات، مسافر بس پر دہشتگردانہ حملہ، 3 افراد جاں بحق

اس موقع پر ایک اور مسافر نے بتایا کہ ہم کراچی سے کوئٹہ جا رہے تھے کہ اچانک ہم پر حملہ ہوا، ہمارے ساتھ تقریباً تمام لوگ زخمی ہو گئے ہیں، ہمارے ساتھ بہت زیادتی ہوئی ہم غریب اور مزدور لوگ ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جب سے سکیورٹی فورسز نے فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن شروع کیے ہیں اور ایف سی نے بارڈر سیل کر کے ان کی سمگلنگ کی آمدن بند کی ہے یہ بزدل دہشت گرد بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر معصوم لوگوں کی جانوں کے درپے ہیں۔

ذرائع کے مطابق ہائی ویز پر مسافر بسوں پر دہشت گردانہ حملوں کی دو وجوہات میں سے ایک یہ کے یہ سافٹ ٹارگٹ ہیں جبکہ دوسری وجہ ایسے واقعات کر کے فوج و ایف سی کو بارڈر اور آپریشن ایریا سے ہٹا کر ان جگہوں کی طرف لانا چاہتے ہیں تاکہ یہ دہشت گرد بارڈر اور آپریشن والے ایریا میں آسانی سے کام کر سکیں۔

سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ فتنہ الہندوستان کے ان دہشت گردوں کا جلد قلعہ قمع کیا جائے گا۔

دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی اور وزیراعلیٰ بلوچستان سمیت دیگر سیاسی شخصیات نے قلات واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔