
پولیس ذرائع کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب کراچی سے کوئٹہ جانے والی مسافر بس قلات کے قریب پہنچی۔ اچانک نامعلوم حملہ آوروں نے بس پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی اور موقع سے فرار ہو گئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق فائرنگ سے 3 افراد موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے، جبکہ 5 زخمیوں کو فوری طور پر ضلعی ہیڈکوارٹر اسپتال (ڈی ایچ کیو) منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ سیکیورٹی فورسز اور پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: قلات بس حملہ میں بچ جانیوالے مسافروں نے آنکھوں دیکھا احوال بتا دیا
تاحال حملہ آوروں کی شناخت یا کسی گروہ کی جانب سے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی،تاہم واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
خیال رہے کہ یہ واقعہ ایک بار پھر بلوچستان میں سیکیورٹی صورتحال پر سوالیہ نشان کھڑا کرتا ہے اور مسافروں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے مؤثر اقدامات کی ضرورت کو اجاگر کرتا ہے۔