خیبرپختونخوا اسمبلی سے سنی اتحاد کونسل اور پی ٹی آئی کا وجود ختم
خیبرپختونخوا اسمبلی سے سنی اتحاد کونسل اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کا وجودختم ہو گیا۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) خیبرپختونخوا اسمبلی سے سنی اتحاد کونسل اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کا وجودختم ہو گیا۔

خیبرپختونخوا اسمبلی کی مخصوص نشستوں سے متعلق نئی پارٹی پوزیشن جاری کردی گئی، الیکشن کمیشن آف پاکستان نے گزشتہ روز کے فیصلے کے بعد نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق خیبرپختونخوا اسمبلی سے جمعیت علمائے اسلام (جے یوآئی ) اور پیپلزپارٹی کی خواتین کی ایک ایک نشست ختم ہو گئی، مسلم لیگ ن کوخاتون کی ایک نشست مل گئی ۔

نوٹیفکیشن کے مطابق خیبرپختونخوا اسمبلی میں جے یو آئی اورمسلم لیگ(ن) کی مخصوص نشستوں کی تعداد9،9ہوگئی،پاکستان پیپلزپارٹی کی مخصوص نشستوں کی تعداد5ہوگئی ہے جبکہ اے این پی اور پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینزکی خیبرپختونخوا اسمبلی میں ایک ایک مخصوص نشست ہے۔

یہ بھی پڑھیں: غریبوں پر چالان نہیں، وارننگ دیں،علی امین گنڈاپور

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں سنی اتحاد کونسل اور پی ٹی آئی کے تمام اراکین کو آزادقرار دیا گیا ہے جس کے بعد خیبرپختونخوا اسمبلی میں آزاد اراکین کی تعداد 91 ہوگئی ہے۔

یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے گزشتہ دنوں مخصوص نشستوں کی حلف برداری سے متعلق سیکرٹری وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو خط بھی لکھا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ سپریم کورٹ نے حال ہی میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں مخصوص نشستوں کی الاٹمنٹ کے حوالے سے فیصلہ دیا ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے خط میں کہا گیا کہ عدالتی فیصلے کی روشنی میں الیکشن کمیشن نے مخصوص نشستوں پر ارکان اسمبلی کے نوٹیفکیشن جاری کیے ہیں، مخصوص نشستوں پر منتخب ارکان اسمبلی کا جلد از جلد حلف لینے سے متعلق اقدامات کیے جائیں۔