غریبوں پر چالان نہیں، وارننگ دیں،علی امین گنڈاپور
CM kpk Sardar Ali Amin Gandapur
فائل فوٹو
پشاور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور نے پولیس افسران کو ہدایت دی ہے کہ غریب طبقے پر چالان کی بجائے وارننگ دی جائے، جب کہ قانون توڑنے والے بااثر افراد کو ہرگز نہ بخشا جائے۔

تفصیلات کے مطابق پشاور میں پولیس کے حوالے سے ایک اہم تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردار علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کجہ کسی کی ناجائز سفارش نہ مانیں، میں نے آج تک کوئی سفارش نہیں کی، آپ صرف میرٹ پر کام کریں اور کسی کا بھی پریشر نہ لیں، کیونکہ ہمیں عوام کو جواب دینا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس کی قربانیوں کی ایک طویل تاریخ ہے، ہم ان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہیں، اسی جذبے کے تحت پولیس کا بجٹ 124 ارب سے بڑھا کر 158 ارب روپے کر دیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ شہید ہونے والے اہلکاروں کے خاندانوں کی فہرست تیار ہو چکی ہے، انہیں پلاٹس دیے جائیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ پولیس کو بلٹ پروف جیکٹس سمیت دیگر ضروری ساز و سامان بھی فراہم کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:عمران خان کے بیٹے پاکستان کب آ رہے ہیں؟ علیمہ خان نے بتا دیا

انہوں نے مزید کہا کہ چار اضلاع میں سیف سٹی پراجیکٹس پر کام تیزی سے جاری ہے، تاکہ عوام کی جان و مال کو تحفظ مل سکے۔

آخر میں وزیراعلیٰ نے واضح پیغام دیتے ہوئے کہا کہ بڑی گاڑیوں والوں سے رعایت نہیں، ان کو پیغام دیں کہ انہوں نے قانون توڑا ہے۔