عمران خان کے بیٹے پاکستان کب آ رہے ہیں؟ علیمہ خان نے بتا دیا
علیمہ خان نے بتایا کہ بانی عمران خان نے دو پیغامات دیئے ہیں اور کہا ہے کہ ان کے اور بشریٰ بی بی کے ساتھ ظلم ہو رہا ہے
علیمہ خان، عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے / فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) علیمہ خان نے بتایا کہ بانی عمران خان نے دو پیغامات دیئے ہیں اور کہا ہے کہ ان کے اور بشریٰ بی بی کے ساتھ ظلم ہو رہا ہے۔

علیمہ خان نے عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ لاہور اجلاس کے حوالے سے پارٹی میں اختلافات جان بوجھ کر پیدا کیے جا رہے ہیں، ذاتی اختلافات ختم کریں اور تحریک پر مکمل توجہ دیں، عمران خان کے ٹی وی اور اخبارات بند کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تین سو پارلیمینٹیرینز کا لاہور میں مل کر جانا خوش آئند ہے، جو کوئی پارٹی میں اختلاف پیدا کرے گا، میں خود اس سے نمٹوں گا، ہم جیلوں میں بیٹھے ہیں اور آپ اختلافات پیدا کر رہے ہیں، ہم یہاں دو سال سے جیل آ رہے ہیں، بانی کے کیسز سن لیے جائیں تو بات ختم ہو جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن: رکن قومی اسمبلی جمشید دستی نااہل قرار

صحافی کے سلیمان اور قاسم کے پاکستان آنے سے متعلق سوال پر علیمہ خان کا کہنا تھا کہ عمران خان بھی بچوں کا پاکستان میں آنے کا انتظار کر رہے ہیں، جلد ہم آپ کو بتا دیں گے جب بچے پاکستان آئیں گے۔

دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور کے بیان کی وضاحت کی اور کہا کہ وہ صرف روٹین کی بات کر رہے تھے، جس کا مطلب تھا کہ 90 دن میں کچھ نہ کچھ ہوگا  آر ہوگا یا پار ۔ بانی پی ٹی آئی کی کال پر تحریک کا آغاز ہو چکا ہے اور اس کا عروج پانچ اگست کو ہوگا۔

سینیٹر بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ اگر تحریک سے متعلق کوئی اجلاس بلانا تھا تو عالیہ حمزہ کو پہلے اطلاع دینی چاہیے تھی کیونکہ وہ پنجاب کی چیف آرگنائزر ہیں۔ نوے دن کی بات پر پارٹی میں الجھن ہے اور اس کی وجہ بانی سے رابطے کا نہ ہونا ہے۔

پارٹی کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ چیف آرگنائزر پنجاب مصروف ہیں، میں نے عالیہ حمزہ سے پوچھا تو انہوں نے کہا کہ ایسا کچھ نہیں ہے۔ سینیٹ انتخابات کے لیے ابھی تک بانی نے کسی کو نامزد نہیں کیا۔ سینیٹ میں چار سیٹیں ہمیں مل رہی ہیں، ایک جنرل، ایک خواتین، اور ایک ٹیکنوکریٹ کی سیٹ۔