گاڑیوں کی رجسٹریشن میں بڑی تبدیلی کا فیصلہ
Islamabad vehicle registration policy
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں گاڑیوں کی رجسٹریشن کے نظام میں بڑی تبدیلی کا فیصلہ کر لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے امریکی ماڈل کو اپناتے ہوئے گاڑیوں کی رجسٹریشن کو گاڑی کے بجائے مالک سے منسلک کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

ڈی جی اسلام آباد ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق اب رجسٹریشن نمبر پلیٹ گاڑی کو نہیں بلکہ مالک کو الاٹ کی جائے گی۔ کسی بھی گاڑی کی خرید و فروخت کی صورت میں نئی رجسٹریشن نمبر پلیٹ جاری کی جائے گی، جو خریدار کے نام پر ہوگی۔

انتظامیہ کے مطابق اس نئے نظام کے تحت رجسٹریشن نمبر مستقل طور پر گاڑی کے بجائے مالک سے منسلک ہوگا۔ اگر کسی وجہ سے گاڑی نہ ہو تو بھی مالک ایک سال تک اپنا نمبر اپنے پاس رکھ سکے گا۔ تاہم اگر ایک سال تک یہ نمبر کسی گاڑی پر استعمال نہ کیا گیا تو یہ خودبخود منسوخ کر دیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:پنجاب میں پہلی ای ٹیکسی سروس شروع کرنے کا منصوبہ

ذہن نشین رہے کہ یہ فیصلہ نئی اور پرانی دونوں اقسام کی گاڑیوں پر لاگو ہوگا۔ اس اقدام کا مقصد رجسٹریشن سسٹم کو جدید خطوط پر استوار کرنا اور گاڑیوں کی ملکیت اور ٹریکنگ کے عمل کو شفاف اور آسان بنانا ہے۔

دوسری جانب شہریوں کی جانب سے اس نئے نظام کو خوش آئند اور وقت کی ضرورت قرار دیا جا رہا ہے۔