پنجاب میں پہلی ای ٹیکسی سروس شروع کرنے کا منصوبہ
پنجاب میں پہلی ای ٹیکسی سروس شروع کرنے کا منصوبہ سامنے آ گیا جس کا مقصد عوام کو ماحول دوست، سستی اور جدید ٹرانسپورٹ فراہم کرنا ہے
وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ بلال اکبر خان نے اجلاس کی صدارت کی/ فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) پنجاب میں پہلی ای ٹیکسی سروس شروع کرنے کا منصوبہ سامنے آ گیا جس کا مقصد عوام کو ماحول دوست، سستی اور جدید ٹرانسپورٹ فراہم کرنا ہے۔

وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ بلال اکبر خان کی زیر صدارت سٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں ٹرانسپورٹ، پیکا، نیسپاک، ایکسائز اینڈ ٹیکسٹیشن اور بینک آف پنجاب سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں ای ٹیکسی منصوبے کی پیشرفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

حکام نے مختلف الیکٹرک گاڑیوں، ان کی قیمتوں اور تیکنیکی معاملات کا جائزہ لیا۔ اس منصوبے میں چارجنگ اسٹیشنز کی فراہمی اور دیگر اہم امور پر بھی گفتگو کی گئی تاکہ ای ٹیکسی سروس کی کامیاب آغاز اور چلانے کے لئے تمام ضروری اقدامات کیے جا سکیں۔

یہ بھی پڑھیں: ٹرانسپورٹرز کی جانب سے ملک بھر میں پہیہ جام ہڑتال کا اعلان

وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے کہا کہ ای ٹیکسی منصوبے کا مقصد پنجاب میں صاف ستھری اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ کو فروغ دینا ہے۔ پہلے مرحلے میں 1100 الیکٹرک گاڑیاں بلاسود آسان اقساط پر فراہم کی جائیں گی، تاکہ لوگوں کو سستی اور جدید ٹرانسپورٹ سروس دستیاب ہو سکے۔ اس منصوبے سے نہ صرف روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ عوام کو بہترین سفری سہولتیں بھی فراہم کی جائیں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ای ٹیکسی سکیم کیلئے بہت آسان شرائط رکھی جا رہی ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد اس سے استفادہ کر سکیں۔ ای ٹیکسی سکیم آئندہ چند ہفتوں میں باقاعدہ اشتہار کے ذریعے پیش کر دی جائے گی، جس میں لوگوں کو اس سکیم کے بارے میں مکمل معلومات فراہم کی جائیں گی۔

اس منصوبے کے ذریعے پنجاب میں جدید پبلک ٹرانسپورٹ کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ ای ٹیکسی سروس کے آغاز سے نہ صرف فضائی آلودگی میں کمی آئے گی، بلکہ ٹریفک کے مسائل میں بھی کمی کی توقع ہے کیونکہ یہ سروس گاڑیوں کی تعداد کو محدود رکھے گی اور عوام کو مزید آرام دہ اور سستی سفری سہولتیں فراہم کرے گی۔