
وکیل رانا مدثر کے مطابق ڈاکٹر یاسمین راشد کو کوٹ لکھپت جیل سے سروسز ہسپتال منتقل کردیا گیا ، ڈاکٹر یاسمین راشد کو سانس لینے میں شدید دشواری ہورہی ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ رہنما تحریک انصاف کو معدے اور پیٹ میں بھی درد کی شکایت تھی، سروسز ہسپتال میں ڈاکٹر یاسمین راشد کے متعدد ٹیسٹ کیے جارہے ہیں جبکہ سانس میں دشواری کے باعث ڈاکٹر یاسمین راشد کو آکسیجن بھی لگائی گئی ہے۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد نو مئی مقدمات میں لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں قید ہیں، یاسمین راشد کو ابتدائی طور پر 12 مئی 2023 کو 9 مئی واقعات کے سلسلے میں حراست میں لیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: ریحام خان نے اپنی سیاسی جماعت کا اعلان کر دیا
لاہور ہائی کورٹ نے 13 مئی کو یاسمین راشد کو رہا کرنے کا حکم دیا تھا تاہم چند گھنٹے بعد 9 مئی سے متعلق مزید تین مقدمات میں انہیں دوبارہ گرفتار کر لیا گیا تھا ۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس بھی ڈاکٹر یاسمین راشد کو طبیعت ناسازی کے باعث کوٹ لکھپت جیل سے سروسز ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، گزشتہ برس انہیں ڈائریا کی شکایت پر ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں علاج معالجہ کے بعد انہیں دوبارہ کوٹ لکھپت جیل بھیج دیا گیا تھا۔