الیکشن کمیشن کی تمام سیاسی جماعتوں کو گوشوارے جمع کرانے کی ہدایت
 الیکشن کمیشن نے تمام سیاسی جماعتوں کو گوشوارے جمع کرانے کی ہدایت کردی۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) الیکشن کمیشن نے تمام سیاسی جماعتوں کو گوشوارے جمع کرانے کی ہدایت کردی۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہان کو اپنے اکاؤنٹس کے مربوط گوشوارے 29 اگست 2025 تک جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

سیاسی جماعتیں مالی سال کے اختتام کے بعد 60 دن کے اندر کمیشن کو اپنے گوشوارے فارم ڈی پر چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ کے ذریعے تفصیلات کے ساتھ پیش کریں گی،سیاسی جماعتوں کے سربراہان کو سالانہ آمدنی اور اخراجات، فنڈنگ کے ذرائع، اثاثہ جات اور واجبات الیکشن کمیشن میں جمع کرانا ہوں گے۔

الیکشن کمیشن نے پارٹی سربراہان کو ہدایت کی ہے کہ کمیشن کو پیش کی جانے والی تفصیلات سیاسی جماعت کی آڈٹ رپورٹ پارٹی سربراہ کی جانب سے مجاز عہدیدار کی دستخط شدہ ہو۔

یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن، رکن قومی اسمبلی جمشید دستی نااہل قرار

دوسری جانب الیکشن کمیشن نے مخصوص نشستوں پر حلف لینے سے متعلق گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کو خط ارسال کر دیا۔

خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات اور مخصوص نشستوں پر پیدا شدہ آئینی و قانونی بحران کے تناظر میں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے گورنر خیبرپختونخوا کے پرنسپل سیکرٹری کو خط ارسال کیا، جس میں مخصوص نشستوں پر منتخب ارکان کو حلف دلوانے کی تیاری کی ہدایت کی گئی ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کو ارسال خط میں کہا گیا کہ مخصوص نشستوں پر منتخب ارکان کو حلف دلوانے کے انتظامات کیے جائیں۔

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے خط کے حوالے سے سنو نیوز سے خصوصی گفتگو میں تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے خط موصول ہوا ہے اور ہم نے اس کا تفصیلی جائزہ لیا ہے، تمام قواعد و ضوابط کو مدنظر رکھ کر فیصلہ کیا جائے گا۔