ذاتی اختلافات ختم کر کے تحریک پر توجہ دیں: عمران خان کا پارٹی قیادت کو پیغام
 بانی پی ٹی آئی عمران خان نے پارٹی قیادت کو ہدایت کی ہے کہ ذاتی اختلافات ختم کریں اور سارا فوکس تحریک پر رکھیں۔
فائل فوٹو
راولپنڈی: (سنو نیوز) بانی پی ٹی آئی عمران خان نے پارٹی قیادت کو ہدایت کی ہے کہ ذاتی اختلافات ختم کریں اور سارا فوکس تحریک پر رکھیں۔

پیٹرن انچیف پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی ہمیشرہ علیمہ خان نے میڈیا سے گفتگو کرتےہوئے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے لاہور اجلاس کو لیکر جان بوجھ کر پارٹی میں اختلاف پیدا کیا جارہا ہے، پارٹی میں جو اختلاف پیدا کرے گا اس کو میں خود دیکھ لوں گا۔

علیمہ خان نے بتایا کہ بانی نے کہا ہے ہم جیلوں میں بیٹھے ہیں آپ اختلافات پیدا کررہے ہیں، تین سو پارلیمینٹیرینز کے لاہور مل کے جانے پر خوشی ہوئی ۔

علیمہ خان کا کہنا تھا کہ ہماری فیملی چاہتی ہے بانی کے پیغامات پر عمل درآمد ہو،ہمیں اب بانی کی رہائی کا راستہ بنانا ہے ، مذاکرات کس بات پر کرنے ہیں بانی کے کیسز سنیں بات ختم ہوجائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کو جیل میں کون کونسی سہولیات میسر ہیں؟

انہوں نے کہا کہ ہم یہاں دو سال سے جیل آرہے ہیں، ہماری فیملی پارٹی کے فیصلوں کے ساتھ کھڑی ہے، ہمارا مطالبہ ہے بانی کے ساتھ غیر انسانی سلوک ختم کیا جائے۔

اس موقع پر اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان بھچر نے کہا کہ لاہور میں پانچ اگست تک ہماری تحریک چلتی رہے گی،26 ارکان اسمبلی کے حوالے سے اسپیکر صاحب سے میٹنگ ہوئی ہے، اپوزیشن کو احتجاج سے نہیں روکا جاسکتا۔

سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ بانی کی واضح ہدایات ہیں ہم نے لاہور اجلاس سے متعلق میڈیا پر مزید بات کرنی ہے، پیسے کی وجہ سے پارٹی کسی کو ٹکٹ نہیں دے گی، ہم سب نے اب ملکر اکٹھے چلنا ہے۔