اجرک نمبر پلیٹس کے بغیر گاڑیوں کے لیے ریلیف کا اعلان
Ajrak number plates
فائیل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) سندھ حکومت نے اَجرک ڈیزائن والی نمبر پلیٹس لگانے کی آخری تاریخ 14 اگست تک بڑھا دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پولیس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ان گاڑیوں پر جرمانہ عائد نہ کریں جنہوں نے ابھی تک نئی ڈیزائن والی پلیٹس نہیں لگوائیں۔

واضح رہے کہ یہ اعلان پیر کے روز صوبائی وزیر برائے ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول مکیش کمار چاؤلہ نے کراچی میں کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اَجرک سندھ کی ثقافتی شناخت کی نمائندگی کرتی ہے اور یہ نئی نمبر پلیٹس کا مستقل حصہ رہے گی۔
چاؤلہ کا مشید کہنا تھا کہ اگرچہ بعض افراد نے ڈیزائن پر تحفظات کا اظہار کیا ہے لیکن یہ ڈیزائن ایک سیکیورٹی فیچر کے طور پر بھی کام کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نئی نمبر پلیٹ پالیسی سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج

انہوں نے واضح کیا کہ جب تک نئی آخری تاریخ نہیں آتی اس وقت تک اَجرک ڈیزائن والی پلیٹس نہ لگانے پر کوئی جرمانہ نہیں کیا جائے گا۔ تاہم، بغیر ہیلمٹ سواری یا دستاویزات کی عدم دستیابی جیسی دیگر خلاف ورزیوں پر معمول کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

یاد رہے کمہ اَجرک نمبر پلیٹس، "سیف سٹی" منصوبے کے ساتھ منسلک ہیں اور پورے صوبے میں تمام گاڑیوں پر ان کا نفاذ کیا جا رہا ہے۔ اس اقدام کو ڈیزائن اور قانونی حیثیت کے حوالے سے تنقید کا سامنا رہا ہے لیکن حکومت کا مؤقف ہے کہ یہ اقدام ثقافتی شناخت کو اجاگر کرنے اور سیکیورٹی بہتر بنانے کے لیے ہے۔

چاؤلہ نے ایک بار پھر زور دیا کہ نئی نمبر پلیٹس لگانا انتہا ئی لازمی ہے اور مہلت میں توسیع کا مقصد عوام کو اس پر عمل درآمد کے لیے مزید وقت دینا ہے۔