
(ویب ڈیسک) لاہور ہائی کورٹ کے معزز جج جسٹس اسجد جاوید گھرال موٹروے پر ایک افسوسناک حادثے کا شکار ہوگئے۔
اطلاعات کے مطابق یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب وہ گجرات سے ملتان بینچ میں مقدمات کی سماعت کے لیے روانہ تھے۔ ان کی گاڑی کو موٹروے پر حادثہ پیش آیا، جس کے بعد فوری طور پر انہیں سمندری تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: گنڈا پور کیخلاف عدم اعتماد آئی تو حمایت کرینگے: غفور حیدری
ابتدائی طبی امداد فراہم کیے جانے کے بعد ڈاکٹروں نے ان کی حالت کے پیش نظر انہیں لاہور کے سروسز ہسپتال ریفر کر دیا، جہاں وہ اس وقت زیر علاج ہیں۔ اہلخانہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، جسٹس اسجد جاوید گھرال کی حالت اب خطرے سے باہر ہے اور ڈاکٹرز مسلسل ان کی نگرانی کر رہے ہیں۔
حادثے کی خبر سامنے آتے ہی عدالتی اور حکومتی حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ لاہور ہائی کورٹ اور دیگر عدالتی اداروں کے ججز اور عملے نے ان کی جلد صحتیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔ سروسز ہسپتال میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے تاکہ سیکیورٹی کو یقینی بنایا جا سکے اور غیر متعلقہ افراد کو ان سے ملنے سے روکا جا سکے۔
تاحال حادثے کی مکمل وجوہات سامنے نہیں آ سکیں، تاہم ابتدائی رپورٹ کے مطابق یہ حادثہ تیز رفتاری یا گاڑی پر قابو نہ رہنے کے باعث پیش آیا ہو سکتا ہے۔ حکام نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ کسی قسم کی غفلت یا سازش کو خارج از امکان قرار نہ دیا جا سکے۔