قومی اسمبلی اجلاس، تحریک انصاف پیپلزپارٹی کے ارکان اسمبلی گتھم گتھا
 قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان پیپلزپارٹی کے ارکان گتھم گتھا ہو گئے۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان پیپلزپارٹی کے ارکان گتھم گتھا ہو گئے۔

ڈپٹی سپیکر سید غلام مصطفی شاہ کی زیر صدارت قومی اسمبلی اجلاس کے دوران اپوزیشن رکن ورہنما تحریک انصاف نثار جٹ نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو سفارتکاری نہیں بلکہ سیر سپاٹے کرکے آئے ہیں ،میں بلاول بھٹو کو ناکام دورہ کرنے پر مبارکباد دیتا ہوں۔

پیپلز پارٹی کے اراکین نے نثار جٹ کے الفاظ پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا، پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی کے اراکین سپیکر ڈائس کے سامنے جمع ہو گئے، اس دوران پی ٹی آئی کے نثارجٹ اور پی پی پی کے آغارفیع اللہ کے درمیان ہاتھاپائی ہو گئی،پی ٹی آئی کے ایم این اے عادل خان بازئی و دیگر بیچ بچاؤ کراتے رہے، بعدازاں ڈپٹی سپیکر نے اجلاس کی کارروائی میں 15 منٹ کا وقفہ کر دیا۔

پیپلز پارٹی کی رکن شازیہ مری نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو نے نہایت دلیری سے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا مؤقف پیش کیا،ہر بین الاقوامی فورم پر پاکستان کا دفاع کیا،بلاول بھٹو کی وجہ سے گلوبل میڈیا میں پاکستان کو پذیرائی ملی۔

ان کا کہنا تھا کہ سمجھ نہیں آتی اپوزیشن کو بلاول کی تقریر کی کس بات سے تکلیف اٹھی، پیپلز پارٹی اگر احترام سے بات کرتی ہے تو اس کو ہماری کمزوری مت سمجھا جائے۔

بعدازاں سپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں حکومت اور اپوزیشن ارکان کے درمیان ایوان میں تلخ کلامی کا معاملہ بھی زیر غور آیا، پیپلز پارٹی کی جانب سے نثار جٹ کے نا زیبا زبان کے استعمال پر کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔

اپوزیشن رکن نثار جٹ کے الفاظ پر ایوان میں احتجاج کے باعث ملتوی ہونے والا اجلاس ایک گھنٹے سے زائد وقت گزر جانے کے بعد شروع ہوا تو رہنما تحریک انصاف ڈاکٹر نثار جٹ نے کہا کہ کچھ وقت پہلے ایوان میں ناخوشگوارواقعہ ہوا،میں تیسری بار ایوان کاممبر بنا ہوں ۔

انہوں نے اپنے رویے پر معذرت کرتے ہوئے کہا کہ ایوان میں بیٹھے کسی رکن کی میرے الفاظ سے دل آزاری ہوئی ہے تو اپنے ہر لفظ پر معافی مانگتا ہوں جس پر پیپلزپارٹی کے رکن آغا رفیع اللہ نے نثار جٹ کی معذرت قبول کر لی۔

اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ اس ایوان کا ماحول خوشگوار رکھنے کیلئے سب کو کردار ادا کرنا ہو گا،ممبران قومی اسمبلی ایوان میں موجودسٹاف کا بھی خیال رکھیں، ہم نے ملک کی تعمیر و ترقی کیلئے ملکر کام کرنا ہے،دونوں جانب سے بہتررویے دیکھنے کو ملا اور معاملہ افہام و تفہیم سے حل ہوا۔