
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے انڈین ایجنسی را کے تین دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا، دہشت گرد عید کے موقع پر لاہور، بہاول نگر ، بہاولپور اور پاک پتن میں اہم مقامات پر دہشت گردی کرنا چاہتے تھے۔
ترجمان نے بتایا کہ سی ٹی ڈی نے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کرتے ہوئے جھنگ روڈ پٹھان کالونی سے دہشت گردوں کو بھاری مقدار میں اسلحے سمیت گرفتار کیا، دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں دھماکہ خیز مواد ڈیٹونیٹر اور اسلحہ برامد کیا گیا ہے۔
سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق دہشت گرد فتنہ الخوارج اور بھارتی دہشت گرد ایجنسی را کے لیے کام کرتے ہیں ، گرفتار دہشت گرد غیر قانونی طور پر بارڈر کراس کر کے سری نگر اور راجستھان میں را کے دہشت گرد نمائندوں سے متعدد بار ملاقات کر چکے ہیں۔
حکام نے بتایا کہ گرفتار دہشت گرد اعظم کا تعلق منچن آباد ، امجد کا پاک پتن اور منظور کا تعلق بہاول نگر سے ہے، دہشت گرد بھارت کی ایجنسی را کو واٹس ایپ کے ذریعے اہم مقامات کے نقشے سینڈ کرتے تھے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گرد عید کے موقع پر لاہور ، بہاول نگر ،بہاولپور اور پاک پتن میں دہشت گردی کی بڑی کارروائیاں کرنے کا منصوبہ مکمل کر چکے تھے ، دہشت گردوں کے خلاف سی ٹی ڈی فیصل آباد نے مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔