بھارت پاکستان سمیت خطے میں دہشتگردی پھیلا رہا ہے: ڈی جی آئی ایس پی آر
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ  ( آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل  لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان سمیت خطے میں دہشتگردی پھیلا رہا ہے۔
ٖفوٹو سکرین گریب
راولپنڈی: (سنو نیوز) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان سمیت خطے میں دہشتگردی پھیلا رہا ہے۔

ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے پریس بریفنگ میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی کے مکمل اور ناقابل تردید ثبوت پیش کیے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پہلگام حملے کو 7 روز گزر گئے بھارت نے ابھی تک کوئی ثبوت پیش نہیں کیا،بھارت پاکستان پر بے بنیاد الزامات لگا رہا ہے، بھارت خود دہشتگردوں کو اسلحہ اور دیگر سہولت کاری فراہم کرتا ہے، پاکستان میں دہشت گردی کرنے والے بھارتی نیٹ ورک کو بے نقاب کریں گے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے بتایا کہ 25 اپریل کو جہلم بس سٹینڈ کے قریب سے دہشتگرد عبدالمجید کو گرفتار کیا گیا ، گرفتار عبدالمجید سے ایک ڈرون، آئی ای ڈی اور نقد رقم برآمد ہوئی، گرفتار دہشتگرد سے بارودی مواد بھی برآمد ہوا، دہشتگردوں کے ہینڈلر کا نام سکھویندر ہے جو بھارتی فوج کو صوبیدار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارتی ہینڈلرز کی واٹس ایپ چیٹ بھی پکڑی گئی ہے، بھارت شہریوں اور فوج پر حملوں کیلئے دہشتگردوں کو بارود فراہم کرتا ہے، بھارتی فوج کا حاضر سروس افسر دہشتگردوں کو ہدایات دے رہا تھا، بھارتی دہشتگرد کے فون فرانزک سے ناقابل تردید شواہد ملے ہیں، سکھویندر نے دہشتگرد کو بارودی مواد دینے کیلئے لوکیشن بھیجی۔ 

ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ بھارتی ہینڈلر میجر سندیپ ورما مقبوضہ کشمیر کے علاقے نوشہرہ سے دہشتگردوں کو آپریٹ کررہا تھا، سندیپ ورما نے دہشتگرد عبدالمجید سے ٹیلیفونک گفتگو میں اعتراف کیا کہ بلوچستان سے لاہور تک دہشتگردی کررہے ہیں، ہمیں زیادہ سے زیادہ لاشیں چاہئیں۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق میجر سندیپ ورما نے دہشتگردوں کو پیسے دیئے، میجر سندیپ ورما نے ٹیلیفونک کال میں کہا پیسوں کے عوض دہشتگردانہ کارروائیاں برسوں پر محیط ہوں گی، دہشتگرد مجید اور میجرسندیپ ورما کے درمیان کال میں دہشتگردی کی جگہوں کا تعین کیا گیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ 22 نومبر کو سکھویندر نے بم کے حصول کے لیے عبدالمجید کو ہیڈ مرالہ کے قریب جگہ کی نشاندہی کی، دہشت گرد نے اس جگہ سے تباہ شدہ ڈرون اور آئی ای ڈی حاصل کی، 30 نومبر کو اس نے جلالپور جٹاں میں آئی ای ڈی فوجی گاڑی پر لگائی جس سے چار شہادتیں ہوئیں، دہشت گرد نے ٹاسک مکمل ہونے پر 6 لاکھ 56 ہزار روپے حاصل کیے۔

ترجمان پاک فوج کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے ہینڈلر بھارتی فوجی ہیں، بھارتی آرمی افسر خود کہہ رہا ہے کہ ہم لاہور تک کام کر رہے ہیں، یہ را نہیں کہہ رہی یہ بھارتی آرمی کہہ رہی ہے، یہ ٹیرر فنانسنگ کی ایک مثال ہے ایسے متعدد واقعات ہیں۔