پٹرولیم لیوی میں بڑا اضافہ،ریلیف کی امید دم توڑ گئی
Petroleum levy increase Pakistan
فائل فوٹو
اسلام آباد:(ویب ڈیسک) مہنگائی کے مارے عوام کو ایک اور جھٹکا دے دیا گیا، حکومت نے پٹرولیم مصنوعات پر ریلیف دینے کے بجائے پٹرولیم لیوی میں اضافہ کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق حکومت نے پٹرول پر پٹرولیم لیوی میں 8 روپے 2 پیسے فی لٹر اضافہ کر دیا ہے، جس کے بعد پٹرول پر لیوی کی شرح بڑھ کر 78 روپے 2 پیسے فی لٹر ہو گئی ہے۔

اسی طرح ڈیزل پر لیوی میں 7 روپے 1 پیسہ فی لٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس سے ڈیزل پر پٹرولیم لیوی 77 روپے 1 پیسہ فی لٹر ہو گئی ہے۔

واضح رہے کہ اگر حکومت کی جانب سے یہ اضافہ نہ کیا جاتا تو پٹرول کی قیمت میں 8 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے تک کمی ممکن تھی۔ تاہم اب اس اضافے کے بعد صارفین کو کسی قسم کا ریلیف ملنے کی کوئی امید باقی نہیں رہی۔

عوامی حلقوں میں اس فیصلے پر شدید ردعمل سامنے آ رہا ہےاور پٹرولیم لیوی میں اضافے کو عوام دشمن اقدام قرار دیتے ہوئے اسے فوری واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ لیوی میں یہ اضافہ بجٹ خسارے کو کم کرنے کی کوشش کا حصہ ہو سکتا ہے، لیکن اس کا براہ راست بوجھ عام شہری پر پڑے گا جو پہلے ہی مہنگائی کے طوفان میں گھرا ہوا ہے۔