گاڑیوں کی ٹرانسفر فیس میں ہوشربا اضافہ
Vehicle Transfer Fee Islamabad
فائل فوٹو
اسلام آباد:(ویب ڈیسک) وفاقی دارالحکومت میں گاڑیوں کی ٹرانسفر فیس میں نمایاں اضافہ کر دیا گیا ہے جس کا اطلاق 14 اپریل 2025 سے ہو گا۔

اسلام آباد ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق مختلف اقسام کی گاڑیوں کی منتقلی پر نئی فیسیں مقرر کی گئی ہیں، جس نے گاڑی مالکان کو حیرت میں ڈال دیا ہے۔

نئے نرخنامے کے مطابق 1000 سی سی تک کی گاڑی کی منتقلی فیس 1200 روپے سے بڑھا کر 2750 روپے کر دی گئی ہے،جبکہ 1000 سے 1800 سی سی انجن صلاحیت والی گاڑیوں کی فیس 2000 روپے سے بڑھا کر 5500 روپے کر دی گئی ہے۔

 اس کے علاوہ 1800 سی سی سے زائد گاڑیوں کی ٹرانسفر فیس میں سب سے بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جو اب 3000 روپے سے 11000 روپے ہو گئی ہے۔

ذہن نشین رہے کہ یہ پہلا موقع ہے کہ الیکٹرک گاڑیوں پر بھی ٹرانسفر فیس عائد کی گئی ہے۔ پہلے ان گاڑیوں کو ٹیکس یا فیس سے مستثنیٰ رکھا گیا تھا، تاہم اب ان کی منتقلی پر بھی باقاعدہ فیس وصول کی جائے گی، جس کی شرح کا اعلان جلد متوقع ہے۔

محکمہ ایکسائز کے مطابق اس اضافے کا مقصد نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا اور ریونیو میں بہتری لانا ہے۔ تاہم شہریوں کی بڑی تعداد نے اس اقدام پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ عام آدمی پر اضافی بوجھ ڈالنے کے مترادف ہے۔