توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت منسوخ
Ex prime minister of Pakistan and founder of PTI Imran Ahmad Khan Niazi and Bushra bibi
فائل فوٹو
اسلام آباد:(ویب ڈیسک) بانی چئیرمین پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کیخلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی اڈیالہ جیل میں ہونے والی سماعت اچانک منسوخ کر دی گئی۔

عدالت کی جانب سے سماعت کی منسوخی کا باضابطہ طور پر وکیل خالد یوسف چوہدری کو اطلاع دے دی گئی۔

خالد یوسف چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ توشہ خانہ کیس کی جیل میں آخری سماعت 17 فروری کو ہوئی تھی، مگر عدالتی رویے میں تسلسل نظر نہیں آ رہا۔

ان کا کہنا تھا کہ کبھی مقدمات کو غیر معمولی تیزی سے چلایا جاتا ہے اور کبھی اچانک سست روی اختیار کر لی جاتی ہے، جب بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو سزا دینی ہو تو ٹرائل آدھی رات تک بھی جاری رکھا جاتا ہے، لیکن دیگر مراحل میں سستی برتی جاتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ توشہ خانہ کیس کی اب آئندہ سماعت جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد میں ہوگی، جس کے بعد عدالت کی جانب سے نئی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ توشہ خانہ کیس میں سابق وزیراعظم اور ان کی اہلیہ پر الزامات ہیں کہ انہوں نے قیمتی تحائف کو سرکاری ریکارڈ میں ظاہر کیے بغیر بیچا اور ذاتی فائدہ حاصل کیا۔