
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق سینئر رہنما اسد عمر نے عثمان بزدار کو وزیراعلیٰ پنجاب بنانے کا فیصلہ تحریک انصاف کی سنگین سیاسی غلطی قرار دیا ہے۔
ایک حالیہ گفتگو کے دوران اسد عمر نے انکشاف کیا کہ جب پارٹی چئیرمین عمران خان نے مجھے خوشی خوشی بتایا کہ پنجاب کیلئے زبردست وزیراعلیٰ مل گیا ہے، تو میں نے حیرانی سے پوچھا کون ہے؟ جواب میں بانی پی ٹی آئی نے کہا عثمان بزدار ۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ چونکہ وہ یہ نام پہلے کبھی نہیں سن چکے تھے، اس لیے وہ حیران رہ گئے۔ مزید وضاحت کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ یہ وہ عثمان بزدار ہے جس کے گھر بجلی بھی نہیں ہے۔
اسد عمر نے اس بات پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اتنے بڑے صوبے کیلئے کسی غیر معروف اور کم تجربہ کار شخصیت کا انتخاب کرنا پارٹی کی حکمتِ عملی پر سوالیہ نشان تھا۔
انہوں نے کہا کہ اس فیصلے کے منفی اثرات پارٹی کو نہ صرف پنجاب میں بلکہ قومی سطح پر بھی طویل عرصے تک جھیلنے پڑے، اور یہ اقدام سیاسی طور پر پارٹی کیلئے نقصان دہ ثابت ہوا۔



