
ایئرپورٹ ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ پی آئی اے کراچی سے لاہور آنیوالی پرواز پی کے 306 نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک پہیے کیساتھ لینڈنگ کی، پرواز پی کے 306 گزشتہ رات 8 بجے کراچی سے لاہور روانہ ہوئی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ طیارے کے غائب پہیے کا تاحال سراغ نہیں مل سکا جوکہ جو فلائٹ سیفٹی ٹیم کی سنگین غلطی ہے، طیارے کے اگلے پہیوں میں دو ٹائر ہوتے ہیں لیکن لاہور میں لینڈنگ کے وقت ایک ٹائر غائب تھا۔
ایئرپورٹ ذرائع نے کہا ہے کہ ممکنہ طور پر طیارے کا پہیہ دوران پرواز کہیں گر گیا ہے، علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر معائنے کے دوران ایک ٹائر غائب ہونے کا معلوم ہوا تاہم سیفٹی انویسٹی گیشن بورڈ کی جانب سے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
اس حوالے سے پی آئی اے ترجمان کا کہنا ہے گزشتہ رات کراچی سے روانہ ہونیوالی پرواز پی کے 306 کی علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے بعد ایک پہیہ کم ملا تھا تاہم معاملے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ حتمی رپورٹ آنے پر اصل وجہ کا تعین ہو سکے گا مگر ابتدائی مشاہدے کے مطابق کراچی رن وے پر ممکنہ طور پر کسی بیرونی چیز کے ٹکرانے کے باعث پہیہ خراب ہوا، جہاز نے لاہور بحفاظت اور انتہائی ہموار لینڈنگ کی۔