سوات:زلزلے کے جھٹکے،لوگ گھروں سے باہر نکل آئے

فائل فوٹو
February, 3 2025
سوات:(ویب ڈیسک)سوات کے مرکزی ضلع مینگورہ اور اس کے گرد و نواح میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں جس کے باعث لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 4.5 ریکارڈ کی گئی ہے، اس کا مرکز کوہ ہندوکش کا پہاڑی سلسلہ تھا۔
واضح رہے کہ زلزلے کی زیر زمین گہرائی تقریباً 80 کلومیٹر تھی۔ زلزلے کے جھٹکوں کے فوراً بعد شہریوں میں خوف کی لہر دوڑ گئی اور لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے اپنے اپنے گھروں، دفاتر اور دکانوں سے فوری طور پر باہر نکل آئے۔
مقامی میڈیا کے مطابق سوات میں اس زلزلے کے نتیجے میں کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع ابھی تک نہیں ملی ہے، تاہم اس واقعے نے علاقے کے رہائشیوں کو شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے،لوگ اللہ کی پناہ مانگتے ہوئے فوری طور پر گھروں سے باہر نکل آئے اور اپنے اہل خانہ کی حفاظت کیلئے اقدامات کرنے لگے۔