وقت لگے گا مگر سب کچھ ٹھیک ہو جائے گا:چیف جسٹس پاکستان
Chief Justice of Pakistan Yahiya Afridi
فائل فوٹو
اسلام آباد:(ویب ڈیسک)چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحیٰ آفریدی نے اپنے ایک بیان میں موجودہ مسائل کے حل کیلئے بڑا بیان دیا ہے۔

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ میں چیف جسٹس آف پاکستان ہوں، ہائیکورٹ کے ججز کے پاس بھی گپ شپ لگانے کیلئے جاؤں گا، تھوڑا وقت لگے گا،مگر سب کچھ ٹھیک ہو جائے گا۔

پریس ایسوسی ایشن کی حلف برداری کی تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز ٹرانسفر پر بات کرنا چاہتا ہوں، اسلام آباد وفاق کی ایک علامت ہے۔

سپریم کورٹ آف پاکستان کے چیف جسٹس یحیٰ آفریدی نے کہا کہ ہمیں اسکول بھیجا جاتا ہے کہ آپ جینٹل مین بن کر آئیں، میں کیوں ججز کی ٹرانسفر پر راضی ہوا۔

چیف جسٹس پاکستان یحیٰ آفریدی نے مزید کہا کہ تمام ججز کی ٹرانسفر آئین کے مطابق ہوئی ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایک بلوچی بولنے والا اور ایک سندھی بولنے والا جج آیا ہے۔

خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاق پورے ملک کا ہے، آرٹیکل 200 کے تحت اچھا اقدام ہے، مزید ججز بھی دیگر صوبوں سے آنے ہی چاہئیں۔

چیف جسٹس آف پاکستان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کوشش کر بھی رہا ہوں اور مزید بھی کروں گا،تمام ججز سے گپ شپ لگاؤں گا۔

چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ جو میرا دائرہ اختیار ہے بلا خوف و خطر استعمال کروں گا، جو آئینی مینڈیٹ مجھے ملا اسے دیکھ کر ہی فیصلے کرتا ہوں، جہاں ذرا سا بھی لگے کہ میرا کوئی انٹرسٹ ہے اس معاملے سے فورا الگ ہوجاتا ہوں، ججز کے تحفظات دور کرنے کیلئے ان سے ملاقاتیں کرتا ہوں، 26 ویں ترمیم کا معاملہ بھی جلد ختم ہو جائے گا، اللہ تعالی اس معاملے پر بھی خیر کرے گا، کچھ وقت ضرور لگے گا لیکن اپنی کوششیں جاری رکھوں گا۔