بہاولپور: کھیت سے لکڑیاں اٹھانے پر زمیندار نے خاتون کتے چھوڑ دیئے
File Photo
File Photo
بہاولپور: (سنو نیوز) بہاولپور کے علاقے یزمان میں انسانیت سوز واقعہ پیش آیا جہاں ایک زمیندار نے جلانے کے لیے لکڑیاں جمع کرنے والی محنت کش کی بیوی پر پالتو شکاری کتے چھوڑ دیئے جس سے خاتون شدید زخمی ہو گئی۔

واقعہ چک 128 ڈی این بی میں پیش آیا جہاں متاثرہ خاتون لکڑیاں جمع کرنے گئی تھی۔ متاثرہ کے شوہر کے مطابق زمیندار اور اس کے ساتھیوں نے پرانی رنجش کے تحت اس کی بیوی پر کتے چھوڑے، شکاری کتوں نے خاتون کو بری طرح نوچ ڈالا۔

خاتون کو فوری طور پر بہاول وکٹوریہ ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں کے مطابق اس کی حالت تشویشناک ہے۔

محنت کش نے الزام لگایا کہ زمیندار نے جان بوجھ کر یہ وحشیانہ عمل کیا۔ اس نے حکومت اور وزیراعلیٰ پنجاب سے فوری نوٹس لینے اور انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔ متاثرہ خاندان کا کہنا ہے کہ انہیں مسلسل دھمکیاں دی جا رہی ہیں اور انصاف کے بغیر ان کا جینا مشکل ہو گیا ہے۔

پولیس نے محنت کش کی مدعیت میں زمیندار اور اس کے ساتھیوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس واقعے کی شفاف تحقیقات کی جائیں گی اور ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

یہ واقعہ نہ صرف ایک خاتون پر ظلم کی مثال ہے بلکہ یہ بھی ظاہر کرتا ہے کہ دیہی علاقوں میں بااثر افراد کس طرح کمزور طبقے پر ظلم ڈھاتے ہیں۔ یہ واقعہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا مظہر ہے، جس نے معاشرے کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔