کراچی:دفاعی نمائش کے تسلسل میں سی ویو پر کراچی شو
Defense Exhibition Ideas 2024 in Karachi
کراچی:(ویب ڈیسک)کراچی میں جاری دفاعی نمائش آئیڈیاز 2024 کے تسلسل میں سی ویو پر شہریوں کو انٹرٹینمنٹ فراہم کرنے کیلئے آج کراچی شو کا انعقاد کیا ہوگا۔

منعقد ہونے والے شو میں تینوں مسلح افواج اپنے جنگی اثاثوں کے ساتھ بھرپور شرکت کریں گی،پاک بحریہ کے سی کنگ ہیلی کاپٹرزکے ساتھ ساتھ پاک فضائیہ کے جنگی ہوائی جہازوں کا بھی فلائی پاسٹ کراچی شو کا حصہ ہوگا۔

واضح رہے کہ نشانِ پاکستان،سی ویو پرآج سہ پہر ٹرائی سروسز کراچی شو کا منعقد ہوگا،جس میں پاک بحریہ کے ہوائی اوربحری اثاثوں کے ساتھ ساتھ ایس ایس جی کمانڈوز ہزاروں فٹ کی بلندی سے جمپ لگانے کا پرکشش منظر پیش کر کے حاضرین سے داد وصولیں گے۔

ذرائع کے مطابق تقریب کے مہمانِ خصوصی وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ہونگے،تینوں مسلح افواج کی پیشہ ورانہ تربیت کودیکھنے کیلئے مختلف ممالک کے سفیر،مندوب ومبصرین بھی بھرپور شرکت کریں گے۔

ذہن نشین رہے کہ کراچی شومیں پاک فضائیہ کے جے ایف 17 تھنڈراورایف 16 طیاروں کا فلائی پاسٹ ہوگا،جبکہ انسداد دہشت گردی آپریشن کے علاوہ پاک بحریہ کے فضائی بیڑے میں شامل سی کنگ ہیلی کاپٹرز کے ذریعے پیشہ ورانہ تربیت کا عملی مظاہرہ پیش کریں گے۔

اس موقع پر پاک بحریہ کے پیراٹروپرز مختلف ممالک کے جھنڈوں جبکہ سبزہلالی پرچم کے ساتھ ہزاروں فٹ کی بلندی سے سی ویو پر جمپ لگانے کا عملی مظاہر بھی پیش کریں گے۔

خیال رہے کہ ساحل پرمنعقدہ کراچی شو آئیڈیاز کے تسلسل میں شہریوں کیلئے منعقد کیا جا رہا ہے۔