کراچی:این ایل سی کا اسٹال،مندوبین کی توجہ کا مرکز کیوں؟
NLC trallers
کراچی:(ویب ڈیسک)کراچی میں منعقد ہونے والی دفاعی نمائش آئیڈیاز 2024 میں این ایل سی کا اسٹال مقامی اور بین الاقومی مندوبین کی توجہ اپنی جانب مبذول کررہا ہے۔

سی ای او این ایل سی بریگیڈیئر ریٹائرڈ ناصر ضیا کا کہنا ہے  کہ نیشنل لاجسٹک سیل (این ایل سی) کے ٹرالر تجارتی سامان لیکر کراچی سے پولینڈ اور ماسکو تک پہنچ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ این ایل سے حیران کن طور پر سندھ کے شہر میرپور ماتھیلو سے قزاقستان تک کیلے اور پھر میرپور خاص اور ملتان کے باغات سے پاکستانی آم براستہ سڑک وسط ایشیا اور یورپ کی مارکیٹوں تک پہنچا رہا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ علاوہ ازیں این ایل سی کے ٹرالر پاکستان سے گارمنٹس، سی فوڈ، اسپورٹس گڈز، کپڑا، سرجیکل آلات اور دیگر اشیائے خور د و نوش سمیت درجنوں اشیا لے کر چین، ایران اور وسط ایشیائی ممالک سمیت روس اور ترکی سے آگے یورپ تک پہنچا رہے ہیں،جو کہ پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔

ناصر ضیا نے مزید کہا کہ ان ممالک کے درمیان بارڈر کراسنگ اور کسٹمز کے معاملات انٹرنیشنل روڈ ٹرانسپورٹ سسٹم کے تحت نہایت آسان بنائے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ این ایل سی کے مطابق تجارتی سامان کراچی سے ترکی 10 دن کے اندر اور اسلام آباد سے چین 5 دن کے اندر پہنچ رہا ہے۔