عمران خان کو رہا کروا کر دم لیں گے،علی امین گنڈاپور
ALI AMIN GANDAPUR
پشاور:(ویب ڈیسک)وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ ہمارے کسی سے بھی مذاکرات بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی سے شروع ہوں گے۔

وزیر اعلیٰ کے پی کا کہنا تھا کہ مذاکرات اگر عمران خان کی رہائی سے مشروط ہوں اسی صورت میں آگے بڑھیں گےاور انشاءاللہ بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو رہا کروا کر اور اپنے مطالبات منوا کر ہی دم لیں گے۔

اپنے بیان میں انہوں نے موقف اپنایا کہ پی ٹی آئی کا نعرہ "اب نہیں تو کھبی نہیں،ہم نہیں تو کون" ثابت کرنے کا وقت آچکا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اب پاکستانی قوم نے فیصلہ کرنا ہے کہ ظلم کے نظام کا مقابلہ کریں گے اور انصاف لیں گے یا غلامی قبول کریں گے،ہم بانی چیئرمین پی ٹی آئی کو ہرگز مایوس نہیں کریں گے۔

سردارعلی امین نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کا نظریہ ہمارا جنون ہے اور جنون مرتا نہیں بلکہ بڑھتا رہتا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے 24 نومبر کو اسلام آباد کیطرف احتجاج کی کال دے رکھی ہے،جس کے بعد پی ٹی آئی کی قیادت کارکنان کو باہر نکالنے کیلئے اور اسلام آباد کیطرف مارچ کرنے کیلئے تیاریوں میں مگن ہے۔

دوسری جانب حکومتی وزرا کا کہنا ہے کہ کسی بھی صورت میں ملک کا نقصان نہیں ہونے دیں گے،جو لوگ فساد پھیلانے کی کوشش کریں گے،ان کو ریاست قانون کے کٹہرے میں کھڑا کر کے کڑے احتساب کے عمل سے گزارے گی۔