لاہور: کروڑوں کا سونا سمگل کرنے کی کوشش ناکام، ملزم گرفتار
لاہور: (سنو نیوز) لاہور میں علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کروڑوں روپے مالیت کا سونا سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی اور ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔

خفیہ اطلاع ملنے پر کسٹم حکام نے بروقت کارروائی عمل میں لاتے ہوئے سمگلر کو گرفتار کرلیا، آج صبح 9 بجکر 15 منٹ پر موصول ہونے والی خفیہ اطلاع پر ملزم کو گرفتار کر کے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا۔

ملزم ایئربلیو کی پرواز پی اے417 کے ذریعے دوبئی سے لاہور پہنچا، ملزم نےنہایت مہارت سے اپنی ٹانگوں کے ساتھ 130 تولہ سونا باندھ رکھا تھا، پاکپتن کے رہائشی آصف شہزاد سے 3 کروڑ 20 لاکھ روپے مالیت کا سونا، ہیرے اور موبائل فونز برآمد ہوئے۔

کسٹمز حکام کا کہنا ہے کہ ملزم تسلسل سے بیرون ملک آمدورفت کرتا تھا، چیف کلکٹر حسن ثاقب کی زیرو ٹالرینٹس پالیسی کے تحت ایئرپورٹس کی سرویلینس سخت کردی گئی ہے، کلکٹر ایئرپورٹس طیبہ کیانی کی خفیہ اطلاع پر ڈپٹی کلکٹر مدثر رفیق کی سربراہی میں کارروائی کی گئی۔

کسٹمز حکام کا مزید کہنا ہے کہ سونا اور ہیرے قبضہ میں لے کر ملزم سے تحقیقات کی جارہی ہیں، سمگلنگ سے منسلک دیگر افراد کے خلاف معلومات ملنے پر گرفتاری کے لئے کارروائیاں عمل میں لائی جائیں گی۔