پی ٹی آئی نے 24 نومبر کو پاکستان کے ساتھ مختلف ممالک میں بھی احتجاج کا اعلان کر دیا، برطانیہ میں وزیر اعظم کی رہائش گاہ کے باہر احتجاج کیا جائے گا، نیو یارک میں ٹائمز سکوائر ،کپیٹل ہل واشنگٹن، لاس اینجلس میں بھی احتجاج ہو گا، سین ڈیاگو، ٹیکساس، ہیوسٹن، بوسٹن، ڈبلن میں پاکستانی سفارت خانے کے باہر احتجاج ہو گا۔
پی ٹی آئی کی جانب سے کینڈا میں بھی 2 مختلف مقامات پر احتجاج کا پلان مرتب کر لیا گیا ہے، اٹلی، ناروے، ڈنمارک، سپین، ہالینڈ، جاپان میں بھی احتجاج ریکارڈ ہو گا، کوریا، سوئیٹزر لینڈ، یونان، اٹلی میں بھی احتجاج کا شیڈیول تیار کیا گیا ہے۔
مزید براں پی ٹی آئی کی جانب سے آسٹریلیا میں پرتھ، فیڈریشن سکوائر، کینبرا اور سیڈنی میں احتجاج کا پلان جاری کیا گیا ہے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی نے 24 نومبر کو اسلام آباد میں احتجاج کی کال کی واپسی بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی سے مشروط کر دی ہے، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے حکومت کے ساتھ جاری پس پردہ مذاکرات میں 24 نومبر کو ہونے والے احتجاج کی کال واپس لینے کے لیے کچھ اہم شرائط پیش کیں، ان شرائط میں سب سے اہم بات عمران خان کی جیل سے رہائی اور ان کی منتقلی کا مطالبہ ہے۔ پارٹی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ عمران خان کو اڈیالہ جیل سے خیبرپختونخوا منتقل کیا جائے، جس سے ان کی رہائی کی صورت میں احتجاجی کال واپس لی جا سکتی ہے۔
پی ٹی آئی کے ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات میں پیشرفت کی توقع ہے اور ان مذاکرات میں تحریک انصاف نے اپنے بانی اور چیئرمین عمران خان کے لیے مختلف اقدامات کی درخواست کی ہے، تحریک انصاف نے حکومت کے سامنے مطالبہ رکھا ہے کہ اگر حکومت ان کی شرائط کو تسلیم کرتی ہے تو وہ 24 نومبر کی احتجاجی کال کو واپس لے لیں گے۔