لاہور اور ملتان میں بھی تعلیمی ادارے آج کھولنے کا اعلان
Department of Environment has announced the opening of educational institutions in Lahore and Multan from today after further reduction in smog and air pollution.
لاہور: (ویب ڈیسک) محکمہ ماحولیات نے سموگ اور فضائی آلودگی میں مزید کمی کے بعد لاہور اور ملتان میں بھی تعلیمی ادارے آج سے کھولنے کا اعلان کر دیا۔

محکمہ ماحولیات کے نوٹیفکیشن کے مطابق تمام تعلیمی ادارے آج ( 20 نومبر) سے کھلیں گے۔ فزیکل کلاسز کے ساتھ تدریسی عمل بحال ہوگا، سکول کھلنے کا وقت صبح 8:45 بجے سے پہلے نہیں ہوگا، طلبہ اور اساتذہ کیلئے ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے، سکولوں میں بیرونی کھیلوں اور ہم نصابی سرگرمیوں پر مکمل پابندی عائد رہے گی۔

نوٹیفکیشن میں ٹریفک کے دباؤ سے بچنے کیلئے کلاس وائز سکول کی چھٹی کا وقت متعین کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

خیال رہے بدترین فضائی آلودگی کے باعث 4 نومبر کو محکمہ ماحولیات نے سکولز پر پابندی سے حفاظتی اقدامات شروع کئے تھے، 12 نومبر کو تمام کلاسز اور ہائر سیکنڈری کلاسز کو بھی فیزیکل حاضری سے روک دیا گیا اور آن لائن کلاسز سے تعلیمی سرگرمیوں کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ تاہم سموگ میں کمی کے بعد پھر سے تعلیمی عمل بحال کر دیا گیا ہے۔

گزشتہ روز لاہور 185 ایئر کوالٹی انڈیکس کے ساتھ دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں تیسرے نمبر پر آگیا، پہلے نمبر پر 471 سکور کے ساتھ نئی دہلی رہا، ملک کے آلودہ ترین شہروں میں بھی لاہور کا تیسرا نمبر ریکارڈ کیا گیا جبکہ ملتان 231 سکور کے ساتھ پہلے نمبر پر آگیا، پشاور کا 204 سکور کے ساتھ دوسرا نمبر رہا، اسلام آباد 127 کے ساتھ ساتویں اور کراچی 113 ایئر کوالٹی انڈیکس کے ساتھ آٹھویں نمبر پر رہا۔