
سموگ کی بگڑتی صورتحال کے پیش نظر پنجاب حکومت نے پنجاب بھر میں انسداد سموگ کے تحت فصلوں کی باقیات، کوڑا کرکٹ اور ٹائر جلانے پر پابندی عائد کرتے ہوئے تمام ڈی سیز کو ریلیف کمشنرز کے اختیارات سونپ دئیے۔
ڈی سیز کو سموگ کنٹرول کرنے کیلئے ضروری و ہنگامی اقدامات کرنے کے احکامات جاری کر دئیے گئے، سموگ کو آفت قرار دیتے ہوئے پی ڈی ایم اے نے تمام ڈی سیز کو ریلیف کمشنرز کے اختیارات دینے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا۔
پی ڈی ایم اے کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق انسداد سموگ کے لئے فصلوں کی باقیات جلانے پر پابندی ہو گی، سالڈ ویسٹ، کوڑا کرکٹ، شاپنگ بیگز، ٹائر اور پلاسٹک جلانے پر بھی پابندی ہو گی، غیرمعیاری ایندھن کی فروخت اور استعمال پر بھی پابندی ہو گی، ٹریفک رکاوٹ کا باعث بننے والی پارکنگز کا خاتمہ کیا جائے گا۔
مزید براں پانی کے بغیر سٹون کرشرز کے استعمال پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے اور ڈی سیز سڑکوں سے تجاوزات کا خاتمہ یقینی بنائیں گے۔
علاوہ ازیں سموگ تدارک کے تحت لاہور کے بعض علاقوں میں گرین لاک ڈاؤن بھی نافذ کر دیا ہے اور تعلیمی اداروں کو جعمہ ہفتہ اور اتوار کی چھٹیاں بھی دینے پر غور کیا جا رہا ہے۔
لاہور میں گرین لاک ڈاؤن کے تحت ڈیوس روڈ، ایجرٹن روڈ، ڈیورنڈ روڈ اور کشمیر روڈ ہاٹ سپاٹ ایریا میں شامل ہیں، شملہ پہاڑی سے گلشن سینیما اور ایبٹ روڈ بھی ہاٹ سپاٹ ایریا میں شامل ہیں۔
شملہ پہاڑی سے ریلوے سٹیشن ،ایمپریس روڈ بھی ہاٹ سپاٹ ایریا ڈکلئیر کیے گئے، کوئین میری روڈ اور اطراف کو بھی آلودگی والے علاقوں میں شامل کیا گیا، متعلقہ علاقوں میں تعمیراتی کام پر پابندی،کمرشل جنریٹرز نہیں چلیں گے۔
واضح رہے کہ لاہوریوں کودوران سفر ماسک اور گلاسز لگانے کی ہدایات جاری کر دی گئی۔