چینی وزیراعظم لی چیانگ 4 روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے
Chinese Prime Minister Li Qiang
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے لئے چین کے وزیراعظم لی چیانگ 4 روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی وزراء کے ہمراہ چینی ہم منصب کا نورخان ایئر بیس پر استقبال کیا۔

 تفصیلات کے مطابق چینی وزیراعظم لی چیانگ وفد کے ہمراہ ایئرچائنا کے طیارے میں نور خان ایئر بیس پر اترے، جہاں ان کا بھرپور استقبال کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر اطلاعات عطا تارڑ اور وزیر منصوبہ بندی وترقی احسن اقبال و دیگر اعلیٰ حکام موجود تھے۔

نور خان ایئربیس پر دو بچوں نے چینی وزیراعظم کو پھولوں کے گلدستے پیش کیے، پاکستان آمد پر چینی وزیراعظم کو 21 توپوں کی سلامی پیش کی گئی۔

یاد رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے لیے مختلف ممالک کے وفود کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، چین، بھارت، روس، ایران اور کرغزستان سمیت مختلف ممالک کے وفود پاکستان پہنچ چکے ہیں۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی دعوت پر چین کے وزیراعظم لی چیانگ 14 سے 17 اکتوبر تک پاکستان کا دورہ کررہے ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ دورے کے دوران چینی وزیر اعظم صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ ساتھ اعلیٰ عسکری قیادت سے بھی ملاقات کریں گے۔

واضح رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہی اجلاس 15 اور 16 اکتوبر کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔

کانفرنس کے دوران جڑواں شہروں میں میٹرو بس سروس 14 سے 17 اکتوبر تک بند رہے گی جب کہ راولپنڈی میں 14 سے 16 اکتوبر تک لاہور اور پشاور سے آنے والے ہیوی ٹریفک کے داخلے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔