احتجاج میں پی ٹی آئی ہمارا ساتھ دے گی،جماعت اسلامی کا دعویٰ
Hafiz Naeem Ur Rehman met with PTI leadership
اسلام آباد:(ویب ڈیسک)جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے اپیل کی ہے کہ وہ 7 اکتوبر کو ہونے والے احتجاج میں جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔

 اسلام آباد میں تحریک انصاف کے رہنماؤں کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی پاکستان کی بڑی جماعت ہے اور انہیں امید ہے کہ پی ٹی آئی اس احتجاج میں ان کے شانہ بشانہ نکلے گی۔

حافظ نعیم نے بتایا کہ آج ان کے وفد نے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کے ساتھ ملاقات کی اور فلسطین کے مسئلے پر مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے پر بات چیت ہوئی،پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی دونوں مل کر 7 اکتوبر کو ملک بھر میں اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں گے۔

حافظ نعیم الرحمان نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اعلیٰ ظرفی کا مظاہرہ کرے اور 7 اکتوبر کو فلسطین کے حق میں احتجاج کی حمایت کرے،یہ احتجاج صرف جماعت اسلامی یا پی ٹی آئی کا نہیں بلکہ پوری قوم کی آواز ہے،فلسطینی بھائیوں کے حق میں ہر طبقے کو متحد ہو کر آواز اٹھانی چاہیے۔

فلسطین کی موجودہ صورتحال پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ غزہ میں نسل کشی ہورہی ہے اور لاشیں پگھل رہی ہیں،اس نازک صورتحال میں خاموش رہنا ظلم ہے،پوری دنیا فلسطینیوں کے ساتھ کھڑی ہے،مگر اسرائیل کے مظالم میں مزید اضافہ ہورہا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ فلسطین کے حق میں آواز بلند کی ہے اور اب وقت آگیا ہے کہ تمام اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر فلسطین کے لیے متحد ہو جائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ فلسطین کے ساتھ ہمارا رشتہ بہت پرانا ہے اور ہم نے ہمیشہ ہر پلیٹ فارم پر فلسطینی عوام کے حق میں بات کی ہے،اب وقت آگیا ہے کہ ملک کی تمام بڑی جماعتیں اس مشترکہ مقصد کے لیے ایک پلیٹ فارم پر آئیں اور اپنے احتجاج کے ذریعے دنیا کو پیغام دیں کہ پاکستان کی عوام فلسطین کے ساتھ کھڑی ہے۔

واضح رہے کہ 7 اکتوبر کو جماعت اسلامی کی قیادت میں ملک کے مختلف حصوں میں احتجاجی ریلیاں اور جلسے منعقد کیے جائیں گے، جس میں پی ٹی آئی سمیت دیگر جماعتوں کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔